مواد فوراً دِکھائیں

کیا جانور آسمان پر جاتے ہیں؟‏

کیا جانور آسمان پر جاتے ہیں؟‏

پاک کلام کا جواب

 پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ زمین پر موجود تمام جان‌داروں میں سے صرف اِنسانوں کی ایک مخصوص تعداد آسمان پر جائے گی۔ (‏مکاشفہ 14:‏1،‏ 3‏)‏ وہ اِس لیے آسمان پر جائیں گے تاکہ وہ یسوع مسیح کے ساتھ بادشاہوں اور کاہنوں کے طور پر حکمرانی کر سکیں۔ (‏لُوقا 22:‏28-‏30؛‏ مکاشفہ 5:‏9، 10‏)‏ زیادہ‌تر اِنسانوں کو زمین پر زندہ کِیا جائے گا تاکہ وہ زمین پر فردوس میں زندگی حاصل کریں۔—‏زبور 37:‏29‏۔‏

 پاک کلام میں کسی ایسے آسمان کا ذکر نہیں کِیا گیا جہاں پالتو جانور جاتے ہیں۔ اور یہ مناسب بھی ہے کیونکہ جانور وہ اِقدام نہیں اُٹھا سکتے جو ”‏آسمانی بلا‌وے“‏ کے لائق ٹھہرنے کے لیے ضروری ہیں۔ (‏عبرانیوں 3:‏1‏)‏ اِن اِقدام میں خدا اور یسوع مسیح کو قریب سے جاننا، اُن پر ایمان ظاہر کرنا اور خدا کے حکموں پر عمل کرنا شامل ہے۔ (‏متی 19:‏17؛‏ یوحنا 3:‏16؛‏ 17:‏3‏)‏ صرف اِنسانوں کو ہی ہمیشہ زندہ رہنے کے لیے بنایا گیا تھا۔—‏پیدایش 2:‏16، 17؛‏ 3:‏22، 23‏۔‏

 آسمان پر جانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ زمین پر رہنے والی مخلوقات مریں اور پھر زندہ ہوں۔ (‏1-‏کُرنتھیوں 15:‏42‏)‏ پاک کلام میں چند ایسے واقعات کا ذکر ہے جن میں اِنسانوں کو زندہ کِیا گیا مگر ایسا کوئی واقعہ درج نہیں جس میں کسی جانور کو زندہ کِیا گیا ہو۔—‏1-‏سلاطین 17:‏17-‏24؛‏ 2-‏سلاطین 4:‏32-‏37؛‏ 13:‏20، 21؛‏ لُوقا 7:‏11-‏15؛‏ 8:‏41، 42،‏ 49-‏56؛‏ یوحنا 11:‏38-‏44؛‏ اعمال 9:‏36-‏42؛‏ 20:‏7-‏12‏۔‏

 مرنے کے بعد جانوروں کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏

 پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ اِنسان اور جانور دونوں ’‏جان‌دار‘‏ ہیں۔ لہٰذا ایک لحاظ سے اِنسان اور جانور ایک جیسے ہیں کیونکہ دونوں”‏زمین کی مٹی“‏ سے بنے ہیں اور دونوں میں ”‏زندگی کا دم“‏ موجود ہے۔—‏پیدایش 1:‏24؛‏ 2:‏7؛‏ گنتی 31:‏28‏۔‏

 پاک کلام میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اِنسان اور جانور مر تے ہیں اور مرنے کے بعد ”‏خاک سے جا ملتے ہیں۔“‏ (‏خروج 19:‏13؛‏ واعظ 3:‏19، 20‏)‏ دوسرے لفظوں میں کہیں تو مرنے کے بعد اُن کا وجود بالکل ختم ہو جاتا ہے۔‏ a

 کیا جانور گُناہ کرتے ہیں؟‏

 نہیں۔ گُناہ کرنے کا مطلب کچھ بھی ایسا کرنا، سوچنا یا محسوس کرنا ہے جو خدا کے حکموں کے خلاف ہو۔ گُناہ وہی مخلوق کر سکتی ہے جس میں صحیح اور غلط میں فرق کرنے کی صلاحیت ہو اور جانوروں میں یہ صلاحیت نہیں ہوتی۔ جانور اپنی محدود زندگی کے دوران عام طور پر اپنی فطرت کے مطابق عمل کرتے ہیں۔ (‏2-‏پطرس 2:‏12‏)‏ حالانکہ جانور گُناہ نہیں کرتے مگر پھر بھی جب اُن کی زندگی کی مُدت ختم ہو جاتی ہے تو وہ مر جاتے ہیں۔‏

 کیا جانوروں پر ظلم کرنا جائز ہے؟‏

 نہیں۔ خدا نے اِنسانوں کو جانوروں پر اِختیار تو دیا ہے مگر یہ حق نہیں دیا کہ وہ جانوروں سے بدسلوکی کریں۔ (‏پیدایش 1:‏28؛‏ زبور 8:‏6-‏8‏)‏ خدا کو تمام جانوروں، یہاں تک کہ چھوٹے پرندوں کی بھی فکر ہے۔ (‏یُوناہ 4:‏11؛‏ متی 10:‏29‏)‏ اُس نے اپنے بندوں کو یہ حکم دیا کہ وہ جانوروں کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔—‏خروج 23:‏12؛‏ اِستثنا 25:‏4؛‏ امثال 12:‏10‏۔‏

a مزید معلومات کے لیے کتاب ‏”‏پاک کلام کی تعلیم حاصل کریں“‏ کے باب نمبر 6 کو دیکھیں۔‏