زبور 103‏:1‏-‏22

  • ‏”‏اَے میری جان!‏ یہوواہ کی بڑائی کر“‏

    • خدا ہمارے گُناہوں کو دُور کر دیتا ہے ‏(‏12‏)‏

    • خدا ایک باپ کی طرح رحم کرتا ہے ‏(‏13‏)‏

    • خدا یاد رکھتا ہے کہ ہم خاک ہیں ‏(‏14‏)‏

    • یہوواہ کا تخت اور حکمرانی ‏(‏19‏)‏

    • فرشتے خدا کا حکم بجا لاتے ہیں ‏(‏20‏)‏

داؤد کا گیت۔‏ 103  اَے میری جان!‏*‏ یہوواہ کی بڑائی کر؛‏میرا روم روم اُس کے پاک نام کی تعریف کرے۔‏   اَے میری جان!‏ یہوواہ کی بڑائی کراور اُس کے کسی کام کو کبھی نہ بھول۔‏   وہ تیری ساری غلطیاں معاف کرتا ہےاور تجھے تیری تمام بیماریوں سے شفا دیتا ہے۔‏   وہ تجھے گڑھے*‏ سے نکالتا ہےاور تیرے سر پر اپنی اٹوٹ محبت اور رحم کا تاج رکھتا ہے۔‏   وہ تجھے ساری زندگی اچھی چیزوں سے نوازتا ہےتاکہ تُو عقاب کی طرح جوان اور توانا رہے۔‏   یہوواہ سبھی مظلوموں کی خاطرنیکی اور اِنصاف سے کام لیتا ہے۔‏   اُس نے موسیٰ کو اپنی راہیں بتائیںاور بنی‌اِسرائیل کو اپنے کام دِکھائے۔‏   یہوواہ رحیم اور مہربان*‏ ہے؛‏وہ جلدی غصہ نہیں کرتا اور اُس کی اٹوٹ محبت کی کوئی اِنتہا نہیں ہے۔‏   وہ ہمیشہ ہم میں غلطیاں نہیں ڈھونڈتا رہے گااور نہ ہی سدا ناراضگی پالے رکھے گا۔‏ 10  اُس نے ہمارے گُناہوں کے مطابق ہم سے سلوک نہیں کِیااور نہ ہی ہماری غلطیوں کے مطابق ہمیں سزا دی 11  کیونکہ جیسے آسمان زمین سے بہت بلند ہےویسے ہی وہ اُن لوگوں سے بے‌حد اٹوٹ محبت کرتا ہے جو اُس کا خوف رکھتے ہیں۔‏ 12  جتنا مشرق مغرب سے دُور ہےاُتنا ہی اُس نے ہمارے گُناہوں کو ہم سے دُور کر دیا ہے۔‏ 13  جیسے ایک باپ اپنے بچوں پر رحم کرتا ہےویسے ہی یہوواہ اُن پر رحم کرتا ہے جو اُس کا خوف رکھتے ہیں 14  کیونکہ وہ اچھی طرح جانتا ہے کہ ہمیں کیسے بنایا گیا ہے؛‏وہ یاد رکھتا ہے کہ ہم خاک ہیں۔‏ 15  فانی اِنسان کی زندگی گھاس کی طرح ہے؛‏وہ میدان کے پھول کی طرح کِھلتا ہے۔‏ 16  لیکن جب تیز ہوا چلتی ہے تو وہ ایسے ختم ہو جاتا ہےجیسے کبھی تھا ہی نہیں۔‏ 17  مگر جو لوگ یہوواہ کا خوف رکھتے ہیں،‏اُن کے لیے اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ ہمیشہ*‏ برقرار رہتی ہےاور وہ اُن کی آنے والی نسلوں کے ساتھ نیکی کرتا ہے،‏ 18  اُن کے ساتھ جو اُس کے عہد پر قائم رہتے ہیںاور جو سختی سے اُس کے حکموں پر عمل کرتے ہیں۔‏ 19  یہوواہ نے مضبوطی سے آسمان پر اپنا تخت قائم کِیا ہوا ہےاور وہ ہر چیز پر حکمرانی کرتا ہے۔‏ 20  اَے خدا کے سب فرشتو!‏ تُم جو طاقت‌ور ہو،‏اُس کا حکم بجا لاتے ہو اور اُس کی بات مانتے ہو،‏ یہوواہ کی بڑائی کرو۔‏ 21  اَے خدا کی سب فوجو!‏اُس کی مرضی پر عمل کرنے والے اُس کے خادمو!‏ یہوواہ کی بڑائی کرو۔‏ 22  اَے یہوواہ کی ساری مخلوقات!‏اُس کی سلطنت کے کونے کونے میں اُس کی بڑائی کرو۔‏ میرا روم روم*‏ یہوواہ کی تعریف کرے۔‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏قبر“‏
یا ”‏ہمدرد“‏
یا ”‏ازل سے ابد تک“‏
عبرانی میں:‏ ”‏میری جان“‏