مواد فوراً دِکھائیں

نوجوانوں کا سوال

ڈھیروں ڈھیر آن‌لائن فالوورز بنانا کتنا ضروری ہے؟‏

ڈھیروں ڈھیر آن‌لائن فالوورز بنانا کتنا ضروری ہے؟‏

 ایلین جن کی عمر 18 سال ہے، کہتی ہیں:‏ ”‏جب مَیں نے دیکھا کہ میرے سکول میں پڑھنے والے بچوں کے کتنے زیادہ فالوورز ہیں تو مَیں نے سوچا:‏ ”‏واہ !‏لوگ اِنہیں کتنا پسند کرتے ہیں۔“‏ سچ کہوں تو مجھے اُن سے جلن ہوتی تھی۔“‏

 کیا آپ کو بھی کبھی ایسا لگا؟ اگر ہاں تو یہ مضمون آپ کی مدد کرے گا تاکہ آپ زیادہ سے زیادہ آن‌لائن فالوورز بنانے کو اپنے سر پر سوار نہ کر لیں۔‏

 اِس کے کیا خطرے ہیں؟‏

 خدا کے کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏نیک نام بڑی دولت سے قیمتی“‏ ہے۔ (‏امثال 22:‏1‏، اُردو جیو ورشن‏)‏ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ نیک‌نامی حاصل کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے، یہاں تک کہ یہ خواہش بھی بُری نہیں ہے کہ لوگ ہمیں پسند کریں۔‏

 لیکن کبھی کبھار یہ خواہش جنون کی حد تک بڑھ جاتی ہے۔ لیکن کیا ایسا کرنا خطرناک ہو سکتا ہے؟ اونیا جن کی عمر 16 سال ہے، کہتی ہیں کہ ایسا ہو سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا:‏

 ‏”‏مَیں نے دیکھا ہے کہ لوگ دوسروں میں مشہور ہونے کے لیے بڑی اُلٹی سیدھی حرکتیں کرتے ہیں۔ میرے اپنے ہی سکول کے کچھ بچوں نے سکول کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی تاکہ وہ مشہور ہو جائیں۔“‏

 کچھ لوگ تو اپنے دوستوں کی توجہ پانے کے لیے ایسی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں جن میں وہ بڑی بے‌وقوفانہ حرکتیں کر رہے ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر کچھ نوجوانوں نے ایسی ویڈیوز بنا کر پوسٹ کیں جن میں وہ صابن یا صرف کھا رہے تھے جو کہ بہت خطرناک ہے۔‏

 پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏ فضول فخر سے دُور رہو۔“‏—‏فِلپّیوں 2:‏3‏، نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

 ذرا سوچیں:‏

  •   آپ کی نظر میں آن‌لائن فالوورز بنانا کتنا ضروری ہے؟‏

  •   کیا آپ اپنے دوستوں کی توجہ پانے یا اُن کی واہ واہ چاہنے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالیں گے؟‏

 یہ تاثر دینا کہ آپ بہت مشہور ہیں

 لوگ دوسروں میں مشہور ہونے کے لیے ہمیشہ خطرناک حرکتیں ہی نہیں کرتے۔ ایریکا جن کی عمر 22 سال ہے، بتاتی ہیں کہ کچھ لوگ دوسروں میں مشہور ہونے کے لیے ایک اَور طریقہ اپناتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏

 ‏”‏یہ لوگ ایک کے بعد ایک تصویریں پوسٹ کرتے ہیں جن سے وہ یہ تاثر دے ہوتے ہیں کہ اُن کے ڈھیر سارے دوست ہیں جن کے ساتھ وہ بہت سا وقت گزار رہے ہیں۔ یہ دیکھ کر دوسروں کو لگتا ہے کہ وہ بہت مشہور ہیں۔“‏

 کیرا جن کی عمر 15 سال ہے، بتاتی ہیں کہ کچھ لوگ یہ ظاہر کرنے کے لیے کہ وہ بہت مشہور ہیں، بے‌ایمانی کرتے ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏

 ‏”‏مَیں نے دیکھا ہے کہ کچھ لوگ ایسی تصویروں پوسٹ کرتے ہیں جن میں وہ یہ دِکھا رہے ہوتے ہیں کہ وہ کسی پارٹی میں ہیں لیکن اصل میں وہ گھر پر ہوتے ہیں۔“‏

 میتھیو جن کی عمر 22 سال ہے، مانتے ہیں کہ اُنہوں نے بھی کچھ ایسا ہی کِیا۔ اُنہوں نے کہا:‏

 ‏”‏مَیں نے اپنی ایک ایسی تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ مَیں نے لکھا کہ مَیں ماؤنٹ ایورسٹ پر ہوں حالانکہ مَیں تو کبھی ایشیا گیا بھی نہیں۔“‏

 پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏ہم ہر بات میں ایمان‌داری سے کام لینا چاہتے ہیں۔“‏—‏عبرانیوں 13:‏18‏۔‏

 ذرا سوچیں:‏

  •   اگر آپ سوشل میڈیا اِستعمال کرتے ہیں تو کیا دوسروں میں مشہور ہونے کے لیے آپ نے کبھی کوئی ایسی تصویر، ویڈیو یا تبصرہ پوسٹ کِیا جو سچا نہیں تھا؟‏

  •    آپ جو تصویریں یا تبصرے پوسٹ کرتے ہیں، کیا اُن سے پتہ چلتا ہے کہ آپ اصل میں کیسے شخص ہیں اور آپ کن باتوں کو صحیح یا غلط مانتے ہیں؟‏

 کیا یہ ضروری ہے کہ آپ کے بہت سے فالوورز ہوں اور آپ کی پوسٹ کو بہت سے لائکس ملیں؟‏

 بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ آن‌لائن مشہور ہونے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ کے بہت سے فالوورز ہوں اور آپ کی پوسٹ کو بہت سے لائکس ملیں۔ میتھیو جن کا پہلے بھی ذکر ہوا ہے، مانتے ہیں کہ وہ بھی ایسا ہی سوچا کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا:‏

 ‏”‏مَیں اکثر دوسروں سے یہ پوچھا کرتا تھا کہ آپ کے کتنے فالوورز ہیں یا یہ کہ آپ کی کون سی پوسٹ کو سب سے زیادہ لائکس ملے ہیں؟ اپنے فالوورز بڑھانے کے‌لیے مَیں ہر ایرے غیرے کو فالو کر لیتا تھا اور یہ سوچتا تھا کہ اگر مَیں اُنہیں فالو کروں گا تو وہ مجھے بھی فالو کریں گے۔ میرے سر پر مشہور ہونے کا جنون سوار ہو گیا تھا اور سوشل میڈیا نے تو اِس جنون کو اَور زیادہ ہوا دی۔“‏

ڈھیروں ڈھیر آن‌لائن فالوورز بنانا بہت زیادہ میٹھا کھانے کی طرح ہے۔ شروع شروع میں تو بڑا مزہ آتا ہے لیکن آگے چل کر پریشانی اُٹھانی پڑتی ہے۔‏

 ماریہ جن کی عمر 25 سال ہے، اُنہوں نے دیکھا ہے کہ کچھ لوگ اپنی اہمیت کا اندازہ اِس بات سے لگاتے ہیں کہ اُن کے کتنے فالوورز ہیں اور اُنہیں کتنے لائکس ملتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏

 ‏”‏اگر ایک لڑکی کی سیلفی کو زیادہ لائکس نہیں ملتے تو وہ یہ سوچنے لگ جاتی ہے کہ وہ بدصورت ہے۔ ظاہر سی بات ہے کہ ایسا سوچنا غلط ہے۔ لیکن بہت سے لوگ اُس وقت ایسا ہی محسوس کرتے ہیں جب اُن کی پوسٹ کو بہت سے لائکس نہیں ملتے۔ ایک طرح سے وہ خود ہی اپنے آپ کو تکلیف پہنچا رہے ہوتے ہیں۔“‏

 پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏اناپرست نہ بنیں، ایک دوسرے سے مقابلہ‌بازی نہ کریں اور نہ ہی ایک دوسرے سے حسد کریں۔“‏—‏گلتیوں 5:‏26‏۔‏

 ذرا سوچیں:‏

  •   کہیں سوشل میڈیا کی وجہ سے آپ نے دوسروں سے اپنا موازنہ کرنا تو شروع نہیں کر دیا؟‏

  •    آپ کس بات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، اِس بات کو کہ آپ کے بہت زیادہ فالوورز ہوں یا اِس بات کو کہ آپ کے سچے دوست ہوں جو دل سے آپ کی فکر کرتے ہوں؟‏