مواد فوراً دِکھائیں

نوجوانوں کا سوال

خدا کا کلام میری مدد کیسے کر سکتا ہے؟—‏دوسرا حصہ:‏ بائبل پڑھنے کے دلچسپ طریقے اپنائیں

خدا کا کلام میری مدد کیسے کر سکتا ہے؟—‏دوسرا حصہ:‏ بائبل پڑھنے کے دلچسپ طریقے اپنائیں

 ایک نوجوان جن کا نام وِل ہے، کہتے ہیں:‏ ”‏اگر آپ یہ نہیں جانتے کہ بائبل کو پڑھنے کا صحیح طریقہ کیا ہے تو یہ آپ کو ایک بورنگ کتاب لگ سکتی ہے۔“‏

 تو پھر آپ کیا کر سکتے ہیں کہ آپ کو بائبل پڑھنے میں مزہ آئے؟ اِس سلسلے میں یہ مضمون آپ کے بہت کام آ سکتا ہے۔‏

 واقعات کو اِس طرح سے پڑھیں جیسے یہ آپ کی آنکھوں کے سامنے ہو رہے ہوں

 جو کچھ آپ پڑھ رہے ہیں، اُس میں پوری طرح سے کھو جائیں۔ آپ اِن طریقوں پر عمل کر سکتے ہیں:‏

  1.   بائبل سے وہ واقعہ چُنیں جس کا آپ مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔‏ آپ یسوع مسیح کے زمانے سے پہلے کا کوئی واقعہ یا اِنجیل میں سے کوئی واقعہ چُن سکتے ہیں۔ یا پھر آپ ویب‌سائٹ jw.org پر موجود ”‏پاک کلام کی ڈرامائی ریکارڈنگ“‏ میں سے کسی واقعے کا اِنتخاب کر سکتے ہیں۔‏

  2.   واقعے کو پڑھیں۔‏ آپ یا تو اکیلے میں اِسے پڑھ سکتے ہیں یا پھر اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ اُونچی آواز میں اِسے پڑھ سکتے ہیں۔ ایک شخص اُن جملوں کو پڑھے جن میں واقعہ بتایا جا رہا ہے جبکہ باقی لوگ کرداروں کے ڈائیلاگ پڑھیں۔‏

  3.   نیچے دی گئی تجاویز میں سے ایک یا دو کو آزمائیں:‏

    •   تصویریں بنا کر واقعے کو بیان کریں۔ یا پھر ایک بورڈ پر تصویریں لگا کر واقعات کو اُس ترتیب سے دِکھائیں جس ترتیب سے یہ پیش آئے تھے۔ ہر تصویر کے نیچے لکھیں کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔‏

    •   جب آپ خدا کے کسی بندے کے بارے میں پڑھتے ہیں تو اُس کی تصویر کے ساتھ لکھیں کہ اُس میں کون سی خوبیاں تھیں، اُس نے کون سے کام کیے اور اِن کی وجہ سے اُسے کون سی برکتیں ملیں۔‏

    •   واقعے کو خبروں کی صورت میں پیش کریں اور فرق فرق زاویوں سے معلومات دینے کی کوشش کریں۔ واقعے میں ذکر کیے جانے والے کرداروں اور چشم‌دید گواہوں کا اِنٹرویو بھی لیں۔‏

    •   اگر واقعے میں بتائے جانے والے کسی کردار نے بُرا فیصلہ کِیا تو تصور کریں کہ اگر اُس نے صحیح فیصلہ کِیا ہوتا تو کیا ہوتا۔ مثال کے طور پر اُس واقعے کا سوچیں جب پطرس نے یسوع کا اِنکار کِیا۔ (‏مرقس 14:‏66-‏72‏)‏ پطرس لوگوں کے دباؤ کا بہتر طور پر سامنا کیسے کر سکتے تھے؟‏

    •   اگر آپ بائبل پڑھنے کو اَور دلچسپ بنانا چاہتے ہیں تو اِس میں درج کسی واقعے کو ایک ڈرامے کی صورت میں لکھیں۔ آپ ساتھ میں کچھ ایسے سبق بھی لکھ سکتے ہیں جو اُس واقعے سے ہم سیکھ سکتے ہیں۔—‏رومیوں 15:‏4‏۔‏

      آپ بائبل میں درج واقعات کو اِس طرح سے پڑھ سکتے ہیں جیسے یہ آپ کی آنکھوں کے سامنے ہو رہے ہوں۔‏

 تحقیق کریں!‏

 اگر آپ واقعے کی ایک ایک تفصیل پر دھیان دیں گے تو آپ کو اِس میں ایسی باتیں ملیں گی جن کے بارے میں آپ نے پہلے کبھی نہیں سوچا تھا۔ کبھی کبھار تو صرف ایک یا دو لفظ میں بھی بہت سے باتیں چھپی ہوتی ہیں۔‏

 مثال کے طور پر متی 28:‏7 کا موازنہ مرقس 16:‏7 سے کریں۔‏

  •    اِس واقعے میں مرقس نے الگ سے پطرس کا نام لے کر کیوں کہا کہ جلد ہی یسوع کے شاگرد ”‏اور پطرس“‏ یسوع کو دیکھیں گے؟‏

  •  اِشارہ:‏ مرقس نے اُن واقعات کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا تھا۔ اُنہوں نے جو معلومات دیں، وہ اُنہیں غالباً پطرس سے ملی ہوں گی۔‏

  •  سنہری بات:‏ پطرس کو یہ جان کر حوصلہ کیوں ملا ہوگا کہ یسوع مسیح اُن سے دوبارہ ملنا چاہتے ہیں؟ (‏مرقس 14:‏66-‏72‏)‏ یسوع مسیح نے یہ کیسے ثابت کِیا کہ وہ پطرس کے سچے دوست ہیں؟ آپ یسوع کی طرح دوسروں کے سچے دوست کیسے بن سکتے ہیں؟‏

 جب آپ واقعات کو اِس طرح سے پڑھیں گے جیسے یہ آپ کی آنکھوں کے سامنے ہو رہے ہوں اور چھوٹی سے چھوٹی معلومات پر تحقیق کریں گے تو آپ کو بائبل پڑھنے کا اَور زیادہ مزہ آئے گا۔‏