مواد فوراً دِکھائیں

یسوع مسیح اِنسانوں کو نجات کیسے دِلاتے ہیں؟‏

یسوع مسیح اِنسانوں کو نجات کیسے دِلاتے ہیں؟‏

پاک کلام کا جواب

 یسوع مسیح نے اپنی جان فدیے کے طور پر دی اور یوں اُن لوگوں کے لیے نجات کی راہ کھولی جو خدا کے وفادار ہیں۔ (‏متی 20:‏28‏)‏ اِس لیے پاک کلام میں اُن کو ”‏دُنیا کا نجات‌دہندہ“‏ کہا گیا ہے۔ (‏1-‏یوحنا 4:‏14‏)‏ پاک کلام میں یہ بھی لکھا ہے کہ ”‏کسی اَور کے ذریعے نجات ممکن نہیں کیونکہ خدا نے زمین پر کوئی اَور نام نہیں چُنا جس کے ذریعے ہمیں نجات ملے۔“‏—‏اعمال 4:‏12‏۔‏

 یسوع مسیح نے اُن لوگوں کی خاطر ”‏موت کا مزہ “‏چکھا جو اُن پر ایمان ظاہر کرتے ہیں۔ (‏عبرانیوں 2:‏9؛‏ یوحنا 3:‏16‏)‏ اِس کے بعد ’‏خدا نے اُنہیں زندہ کِیا‘‏ اور وہ ایک روحانی مخلوق کے طور پر آسمان پر واپس چلے گئے۔ (‏اعمال 3:‏15‏)‏ وہاں ”‏وہ اُن لوگوں کو مکمل نجات دِلا سکتے ہیں جو اُن کے ذریعے خدا سے دُعا کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ زندہ ہیں اور ہمیشہ اِن لوگوں کے لیے اِلتجائیں کر سکتے ہیں۔“‏—‏عبرانیوں 7:‏25‏۔‏

یہ کیوں ضروری ہے کہ یسوع ہمارے لیے اِلتجائیں کریں؟‏

 ہم سب گُناہ‌گار ہیں۔ (‏رومیوں 3:‏23‏)‏ گُناہ کی وجہ سے اِنسان اور خدا کے بیچ رابطے میں رُکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے اور اِس کی وجہ سے اِنسان مرتے ہیں۔ (‏رومیوں 6:‏23‏)‏ لیکن یسوع مسیح اُن لوگوں کے لیے ایک ”‏وکیل“‏ کے طور پر کام کرتے ہیں جو اُن کے فدیے پر ایمان ظاہر کرتے ہیں۔ (‏1-‏یوحنا 2:‏1‏، فٹ‌نوٹ)‏ وہ ایک ”‏وکیل“‏ کی طرح اُن کی خاطر اِلتجا کرتے ہیں یعنی خدا سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اُن کی دُعائیں سنے اور یسوع کی قربانی کی بِنا پر اُن کے گُناہ معاف کر دے۔ (‏متی 1:‏21؛‏ رومیوں 8:‏34‏)‏ خدا یسوع کی اِن اِلتجاؤں کو سنتا ہے کیونکہ یہ اُس کی مرضی کے مطابق ہیں۔ خدا نے یسوع کو زمین پر اِس لیے بھیجا کہ ”‏[‏اُن]‏ کے ذریعے دُنیا نجات پائے۔“‏—‏یوحنا 3:‏17‏۔‏

کیا نجات پانے کے لیے صرف یسوع پر ایمان لانا ہی کافی ہے؟‏

 نہیں۔ یہ سچ ہے کہ نجات پانے کے لیے یسوع پر ایمان لانا ضروری ہے لیکن صرف یہ کافی نہیں ہے۔ (‏اعمال 16:‏30، 31‏)‏ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”‏جس طرح جسم بغیر سانس کے مُردہ ہے اُسی طرح ایمان بغیر کاموں کے مُردہ ہے۔“‏ (‏یعقوب 2:‏26‏)‏ لہٰذا نجات پانے کے لیے ہمیں یہ کام کرنے ہوں گے:‏

  •   یسوع مسیح اور یہوواہ خدا کو قریب سے جانیں۔—‏یوحنا 17:‏3‏۔‏

  •   اُن پر اپنے ایمان کو مضبوط کریں۔—‏یوحنا 12:‏44؛‏ 14:‏1‏۔‏

  •   اُن کے حکموں کو ماننے سے اپنے ایمان کا اِظہار کریں۔ (‏لُوقا 6:‏46؛‏ 1-‏یوحنا 2:‏17‏)‏ یسوع مسیح نے کہا کہ جو لوگ اُنہیں ”‏مالک!‏ مالک!‏“‏ کہتے ہیں، وہ سب نجات نہیں پائیں گے بلکہ صرف وہ لوگ نجات پائیں گے ”‏جو [‏اُن کے]‏آسمانی باپ کی مرضی پر چلتے ہیں۔“‏—‏متی 7:‏21‏۔‏

  •   مشکلات کے باوجود خدا اور یسوع مسیح پر ایمان ظاہر کرتے رہیں۔ یسوع مسیح نے اِس بات کو واضح کرتے ہوئے کہا:‏ ”‏جو شخص آخر تک ثابت‌قدم رہے گا، وہ نجات پائے گا۔“‏—‏متی 24:‏13‏۔‏