اعمال 3‏:1‏-‏26

  • پطرس ایک لنگڑے فقیر کو شفا دیتے ہیں (‏1-‏10‏)‏

  • سلیمان کے برآمدے میں پطرس کی تقریر (‏11-‏26‏)‏

    • ‏”‏سب چیزوں کو بحال کرنے کا وقت“‏ (‏21‏)‏

    • موسیٰ جیسا نبی (‏22‏)‏

3  ایک دن پطرس اور یوحنا دُعا کے وقت یعنی نویں گھنٹے*‏ ہیکل*‏ جا رہے تھے۔ 2  اُس وقت کچھ لوگ ایک آدمی کو اُٹھا کر لائے جو پیدائش سے لنگڑا تھا۔ وہ اُسے ہر روز ہیکل کے اُس دروازے کے قریب بٹھاتے تھے جو خوب‌صورت دروازہ کہلاتا ہے تاکہ وہ اندر جانے والوں سے بھیک مانگے۔ 3  جب اُس نے پطرس اور یوحنا کو ہیکل کے اندر جاتے دیکھا تو اُس نے بھیک مانگی۔ 4  پطرس اور یوحنا نے اُس کی طرف دیکھا۔ پھر پطرس نے اُس سے کہا:‏ ”‏ہماری طرف دیکھیں۔“‏ 5  وہ یہ سوچ کر اُن کی طرف دیکھنے لگا کہ اُسے کچھ ملے گا۔ 6  لیکن پطرس نے کہا:‏ ”‏میرے پاس سونا اور چاندی تو نہیں ہے مگر جو میرے پاس ہے، وہ مَیں آپ کو دیتا ہوں۔ ناصرت کے یسوع مسیح کے نام سے اُٹھیں اور چلیں پھریں!‏“‏ 7  پھر پطرس نے اُس کا دایاں ہاتھ پکڑا اور اُسے اُٹھایا۔ اُسی وقت اُس کے پاؤں اور ٹخنے مضبوط ہو گئے 8  اور وہ اُچھل کر کھڑا ہو گیا اور چلنے لگا اور پطرس اور یوحنا کے ساتھ ہیکل میں گیا۔ وہ اُچھل رہا تھا اور خدا کی بڑائی کر رہا تھا 9  اور سب لوگوں نے اُسے چلتے پھرتے اور خدا کی بڑائی کرتے دیکھا۔ 10  وہ پہچان گئے کہ یہ وہی آدمی ہے جو ہیکل کے اُس دروازے کے پاس بیٹھ کر بھیک مانگتا تھا جو خوب‌صورت دروازہ کہلاتا ہے۔ اُسے اپنے پیروں پر کھڑے دیکھ کر اُن کی حیرت کی اِنتہا نہ رہی۔‏ 11  اُس آدمی نے ابھی تک پطرس اور یوحنا کا ہاتھ پکڑا ہوا تھا۔ وہ اُس برآمدے میں کھڑے تھے جسے سلیمان کا برآمدہ کہا جاتا ہے۔ اُنہیں دیکھ کر سب لوگ حیرت کے مارے بھاگتے ہوئے اُن کی طرف آئے۔ 12  جب پطرس نے یہ دیکھا تو اُنہوں نے لوگوں سے کہا:‏ ”‏اِسرائیلیو، آپ اِتنا حیران کیوں ہو رہے ہیں اور ہمیں ایسے کیوں دیکھ رہے ہیں جیسے ہم نے اپنی طاقت یا اپنی دین‌داری سے اِس آدمی کو ٹھیک کِیا ہو؟ 13  ہمارے باپ‌دادا ابراہام اور اِضحاق اور یعقوب کے خدا نے اپنے خادم یعنی یسوع کو عزت دی جسے آپ نے دُشمنوں کے حوالے کر دیا اور پیلاطُس کے سامنے ٹھکرا دیا حالانکہ وہ اُنہیں رِہا کرنے کا فیصلہ کر چُکا تھا۔ 14  ہاں، آپ نے ایک مُقدس اور نیک شخص کو ٹھکرا دیا اور ایک قاتل کو رِہا کرنے کا مطالبہ کِیا 15  اور یوں زندگی کے عظیم پیشوا کو مار ڈالا۔ لیکن خدا نے اُسے زندہ کِیا اور ہم اِس بات کے گواہ ہیں۔ 16  اُسی کے نام سے اور اُس کے نام پر ہمارے ایمان سے یہ آدمی جسے آپ جانتے ہیں اور دیکھ رہے ہیں، تندرست ہو گیا۔ ہاں، چونکہ ہم یسوع پر ایمان رکھتے ہیں اِس لیے یہ آدمی آپ سب کے سامنے اپنے پیروں پر کھڑا ہے۔ 17  بھائیو، مَیں جانتا ہوں کہ آپ نے اپنے حکمرانوں کی طرح یہ کام انجانے میں کِیا۔ 18  لیکن اِس طرح خدا کی وہ باتیں پوری ہو گئیں جو اُس نے تمام نبیوں کے ذریعے پہلے سے بتائی تھیں یعنی یہ کہ اُس کے مسیح کو اذیت اُٹھانی پڑے گی۔‏ 19  لہٰذا توبہ کریں اور اپنی روِش بدلیں تاکہ آپ کے گُناہ مٹائے جائیں اور یہوواہ*‏ کی طرف سے تازگی کے دن آئیں 20  اور وہ مسیح کو بھیجے جسے آپ کے لیے مقرر کِیا گیا ہے یعنی یسوع کو۔ 21  اُسے تب تک آسمان میں رہنا ہے جب تک اُن سب چیزوں کو بحال کرنے کا وقت نہیں آ جاتا جن کے بارے میں خدا نے قدیم زمانے میں اپنے مُقدس نبیوں کے ذریعے بتایا۔ 22  مثال کے طور پر موسیٰ نے کہا:‏ ”‏یہوواہ*‏ آپ کا خدا آپ کے بھائیوں میں سے آپ کے لیے میرے جیسا نبی مقرر کرے گا۔ اُس کی باتوں پر ضرور عمل کریں۔ 23  جو شخص*‏ اُس نبی کی بات پر عمل نہیں کرے گا، اُس کا نام‌ونشان مٹا دیا جائے گا۔“‏ 24  اِس کے علاوہ سموئیل اور اُن کے بعد آنے والے تمام نبیوں نے بھی اِس زمانے کا اِعلان کِیا تھا۔ 25  آپ اِن نبیوں کے بیٹے ہیں اور اُس عہد کے وارث بھی ہیں جو خدا نے آپ کے باپ‌دادا سے باندھا تھا۔ اُس نے ابراہام سے کہا:‏ ”‏تمہاری نسل کے ذریعے زمین کے سب خاندانوں کو برکت ملے گی۔“‏ 26  خدا نے اپنے خادم کو مقرر کرنے کے بعد اُسے سب سے پہلے آپ کے پاس بھیجا تاکہ آپ کو بُرے کاموں سے باز رکھے اور یوں آپ کو برکت دے۔“‏

فٹ‌ نوٹس

تقریباً دوپہر تین بجے
یعنی خدا کا گھر
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یونانی میں:‏ ”‏جان“‏