مواد فوراً دِکھائیں

پوری دُنیا میں کتنے یہوواہ کے گواہ ہیں؟‏

پوری دُنیا میں کتنے یہوواہ کے گواہ ہیں؟‏

2023 کے خدمتی سال a کی رپورٹ

دُنیا بھر میں یہوواہ کے گواہوں کی تعداد

562،‏16،‏88

کلیسیائیں

177،‏18،‏1

اُن ملکوں کی تعداد جہاں یہوواہ کے گواہ تبلیغ کرتے ہیں

239

2023 کُل تعداد

2023 ملکوں اور علاقوں کی رپورٹ

آپ اپنے ارکان کی گنتی کیسے کرتے ہیں؟‏

 ہم صرف اُن لوگوں کو یہوواہ کے گواہوں میں شمار کرتے ہیں جو ہر مہینے خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری کی مُنادی کرتے ہیں۔ (‏متی 24:‏14‏)‏ اِن میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کے طور پر بپتسمہ لیا ہے اور وہ لوگ بھی جنہوں نے ابھی بپتسمہ تو نہیں لیا لیکن وہ اُن شرائط پر پورا اُترتے ہیں جو خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری کی مُنادی کرنے کے لیے ضروری ہیں۔‏

کیا آپ کی تنظیم کا حصہ بننے کے لیے کوئی عطیات وغیرہ دینے پڑتے ہیں؟‏

 بالکل نہیں۔ ہم نہ تو لوگوں کے عطیات کی بِنا پر اُنہیں اپنی تنظیم کا حصہ بناتے ہیں اور نہ ہی اپنی تنظیم میں اُنہیں کوئی خاص ذمے‌داریاں یا عہدے دیتے ہیں۔ (‏اعمال 8:‏18-‏20‏)‏ سچ تو یہ ہے کہ زیادہ‌تر عطیات کے بارے میں ہمیں یہ نہیں پتہ ہوتا کہ یہ کس نے دیے ہیں۔ یہوواہ کا ہر گواہ اپنے حالات کے مطابق خوشی سے اپنا وقت، توانائی اور وسائل بادشاہت کی خوش‌خبری پھیلانے کے لیے صرف کرتا ہے۔—‏2-‏کُرنتھیوں 9:‏7‏۔‏

آپ کو کیسے پتہ چلتا ہے کہ آپ کے کتنے ارکان تبلیغی کام میں حصہ لے رہے ہیں؟‏

 ہر مہینے یہوواہ کے گواہ اپنی مقامی کلیسیاؤں (‏یعنی جماعتوں)‏ میں اپنی تبلیغی کارگزاریوں کی رپورٹ دیتے ہیں لیکن اُنہیں ایسا کرنے کے لیے مجبور نہیں کِیا جاتا۔‏

 کلیسیا کے تمام ارکان کی رپورٹ کا ٹوٹل کر کے اِسے یہوواہ کے گواہوں کی مقامی برانچ کو بھیج دیا جاتا ہے۔ برانچ پورے ملک کی کلیسیاؤں کی رپورٹ کا ٹوٹل کر کے اِسے ہمارے مرکزی دفتر کو بھیج دیتی ہے۔‏

 اِن رپورٹوں کی بِنا پر ہر خدمتی سال b کے آخر پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ ہر ملک میں یہوواہ کے گواہوں کی تعداد کتنی رہی۔ پھر اِن اعدادوشمار کو اِکٹھا کر کے پتہ چلتا ہے کہ پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کی کُل تعداد کتنی ہے۔ ہر ملک کی تفصیلی رپورٹ اور تبلیغی کام کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات کو ہماری ویب سائٹ پر حصہ ”‏پوری دُنیا میں‏“‏ پر شائع کِیا جاتا ہے۔ اِن کے بارے میں پڑھ کر ہمیں بالکل ویسی ہی خوشی ہوتی ہے جیسی یسوع مسیح کے اِبتدائی شاگردوں کو تبلیغی کام کے متعلق رپورٹیں سُن کر ہوتی تھی۔—‏اعمال 2:‏41؛‏ 4:‏4؛‏ 15:‏3‏۔‏

کیا آپ اُن لوگوں کو بھی گنتی میں شامل کرتے ہیں جو آپ کے اِجلاسوں پر آتے ہیں لیکن تبلیغی کام نہیں کرتے؟‏

 ہم اِن لوگوں کو گنتی میں شامل تو نہیں کرتے لیکن ہم اپنی کلیسیاؤں میں اُن کا خیرمقدم ضرور کرتے ہیں۔ اِن لوگوں میں سے زیادہ‌تر ہر سال صرف یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب پر آتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی تعداد جاننے کے لیے ہم یادگاری تقریب پر آنے والوں کی کُل تعداد میں سے پوری دُنیا کے یہوواہ کے گواہ کی تعداد تفریق کرتے ہیں۔ 2023 میں یادگاری تقریب پر آنے والے لوگوں کی کُل تعداد 767،‏61،‏04،‏2 تھی۔‏

 بہت سے ایسے لوگ جو ہمارے اِجلاسوں پر نہیں آتے، وہ ہمارے ساتھ بائبل کورس کر کے فائدہ حاصل کرتے ہیں۔ 2023 کے دوران ہم نے ہر مہینے 212،‏81،‏72 بائبل کورس کرائے اور کئی لوگوں نے تو چھوٹے چھوٹے گروپوں کی صورت میں بائبل کورس کِیا۔‏

یہوواہ کے گواہوں کی تعداد کے حوالے سے حکومت کے اعدادوشمار آپ کے اعدادوشمار سے فرق کیوں ہیں؟‏

 حکومت کی طرف سے قائم‌کردہ مردم‌شماری کے محکمے عموماً لوگوں سے یہ پوچھتے ہیں کہ اُن کا تعلق کس مذہب سے ہے۔ مثال کے طور پر امریکہ میں مردم‌شماری کے محکمے نے کہا:‏ ”‏ہم یہ دیکھنے کے لیے سروے کرتے ہیں کہ آیا لوگ اپنے آپ کو کسی مذہب کا رُکن سمجھتے ہیں یا نہیں۔ لہٰذا ہمارے نتائج حقائق پر نہیں بلکہ لوگوں کی رائے پر مبنی ہوتے ہیں۔“‏ اِس کے برعکس یہوواہ کے گواہ صرف اُن لوگوں کو گنتی میں شامل کرتے ہیں جو تبلیغی کام کرتے ہیں اور اِس کی رپورٹ بھی دیتے ہیں۔ اُن لوگوں کو گنتی میں شامل نہیں کِیا جاتا جو محض یہ کہتے ہیں کہ وہ یہوواہ کے گواہ ہیں۔‏

a خدمتی سال 1 ستمبر سے 31 اگست تک ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر 2015ء کا خدمتی سال 1 ستمبر 2014ء سے 31 اگست 2015ء تک تھا۔‏

b خدمتی سال 1 ستمبر سے 31 اگست تک ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر 2015ء کا خدمتی سال 1 ستمبر 2014ء سے 31 اگست 2015ء تک تھا۔‏