2-‏کُرنتھیوں 9‏:1‏-‏15

  • مجبوری سے نہیں بلکہ خوشی سے دیں (‏1-‏15‏)‏

    • خدا خوش‌دلی سے دینے والوں کو پسند کرتا ہے (‏7‏)‏

9  اصل میں تو مجھے اُن عطیات کے بارے میں آپ کو لکھنے کی ضرورت نہیں جو مُقدس لوگوں کے لیے ہیں 2  کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ آپ اُن کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔ مَیں تو مقدونیہ کے بھائیوں کو بڑے فخر سے بتاتا ہوں کہ آپ لوگ جو اخیہ میں رہتے ہیں، ایک سال سے عطیات دینے کے لیے تیار ہیں۔ یہ سُن کر بہت سے مقدونی بھائیوں میں بھی جوش اُبھر آیا ہے۔ 3  لیکن مَیں اِن بھائیوں کو آپ کے پاس بھیج رہا ہوں تاکہ آپ مدد کرنے کے لیے واقعی تیار ہوں اور یوں وہ باتیں سچ ثابت ہوں جو ہم نے مقدونی بھائیوں سے آپ کے بارے میں کہی ہیں۔ 4  کہیں ایسا نہ ہو کہ میرے ساتھ کچھ مقدونی بھائی آئیں اور آپ تیار نہ ہوں۔ پھر تو نہ صرف ہمیں بلکہ آپ کو بھی شرمندہ ہونا پڑے گا کیونکہ ہم نے آپ کی بڑی تعریفیں کی ہیں۔ 5  اِس لیے مَیں نے ضروری سمجھا کہ ہمارے آنے سے پہلے کچھ بھائیوں کو آپ کے پاس بھیجوں تاکہ وہ اُس بڑی رقم کو جمع کر لیں جس کا آپ نے وعدہ کِیا تھا۔ پھر جب ہم وہاں پہنچیں گے تو یہ ظاہر ہوگا کہ آپ یہ عطیات مجبوری سے نہیں بلکہ خوشی سے دے رہے ہیں۔‏ 6  اِس سلسلے میں یاد رکھیں کہ جو شخص تنگ‌دلی سے بیج بوتا ہے، وہ کم فصل کاٹے گا لیکن جو شخص دریادلی سے بیج بوتا ہے، وہ زیادہ فصل کاٹے گا۔ 7  ہر شخص ویسے ہی کرے جیسے اُس نے دل میں طے کِیا ہے اور بے‌دلی یا مجبوری سے نہ دے کیونکہ خدا اُس شخص کو پسند کرتا ہے جو خوش‌دلی سے دیتا ہے۔‏ 8  یہ بھی یاد رکھیں کہ خدا آپ کو کثرت سے عظیم رحمت دے سکتا ہے تاکہ آپ ہمیشہ اپنی ضروریاتِ‌زندگی پوری کر سکیں اور آپ کے پاس اچھے کام کرنے کے لیے سب کچھ کثرت سے ہو۔ 9  ‏(‏جیسا کہ لکھا ہے:‏ ”‏اُس نے فیاضی سے نعمتیں عطا کیں اور غریبوں میں بانٹیں۔ اُس کی نیکی ہمیشہ تک رہے گی۔“‏ 10  خدا جو فیاضی سے کسان کو بیج اور لوگوں کو روٹی دیتا ہے، وہ آپ کو بھی بیج دے گا بلکہ کثرت سے دے گا تاکہ آپ اِسے بوئیں۔ اور وہ آپ کی مدد بھی کرے گا تاکہ آپ اپنے نیک کاموں سے بہت سے اچھے پھل حاصل کریں۔)‏ 11  خدا آپ پر کثرت سے برکتیں برساتا ہے تاکہ آپ بھی ہر صورتحال میں فیاضی سے کام لیں۔ پھر جب ہم آپ کے عطیات لوگوں میں تقسیم کریں گے تو وہ آپ کی فیاضی کے لیے خدا کا شکر ادا کریں گے۔ 12  دراصل دوسروں کی مدد کرنے کے اِنتظام سے نہ صرف مُقدس لوگوں کی ضروریات اچھی طرح پوری ہوتی ہیں بلکہ کثرت سے خدا کا شکر بھی ادا کِیا جاتا ہے۔ 13  لوگ آپ کے عطیات کی وجہ سے خدا کی بڑائی کرتے ہیں کیونکہ وہ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ مسیح کی خوش‌خبری صرف سناتے ہی نہیں بلکہ اِس پر عمل بھی کرتے ہیں۔ وہ اِس لیے بھی خدا کی بڑائی کرتے ہیں کیونکہ آپ نے نہ صرف اُن کو بلکہ سب کو فیاضی سے دیا ہے۔ 14  اور وہ آپ کے لیے دُعا کر کے شفقت ظاہر کرتے ہیں کیونکہ آپ کو خدا کی عظیم رحمت بڑی کثرت سے ملی ہے۔‏ 15  آئیں، اِس ناقابلِ‌بیان نعمت کے لیے خدا کا شکر ادا کریں۔‏

فٹ‌ نوٹس