مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سوال 2

مجھے ہمیشہ اچھا دِکھنے کی فکر کیوں رہتی ہے؟‏

مجھے ہمیشہ اچھا دِکھنے کی فکر کیوں رہتی ہے؟‏

یاد رکھیں

آپ کی صورت سے زیادہ آپ کی سیرت اہم ہے۔‏

آپ کیا کرتے؟‏

ذرا اِس صورتحال کا تصور کریں:‏ جولیا آئینے میں دیکھ کر سوچ رہی ہے کہ وہ بہت موٹی ہے۔‏ وہ خود سے کہتی ہے:‏ ”‏مجھے اپنا وزن کم کرنا ہوگا۔‏“‏ لیکن اُس کے امی ابو اور دوست اُس سے کہتے ہیں کہ وہ بہت دُبلی پتلی ہے۔‏

جولیا نے سوچا ہے کہ وہ کچھ بھی کر کے اپنا وزن دو چار کلو کم کرے گی،‏ چاہے اُسے کچھ دن بھوکا ہی کیوں نہ رہنا پڑے۔‏

اگر آپ جولیا کی جگہ ہوتے تو آپ کیا کرتے؟‏

ذرا رُکیں اور سوچیں!‏

اپنے بارے میں آپ کی سوچ ایک خراب آئینے میں ٹیڑھے میڑھے عکس کی طرح ہو سکتی ہے۔‏

اِس بارے میں سوچنا غلط نہیں کہ آپ کیسے دِکھتے ہیں۔‏ خدا کے کلام میں ایسے بہت سے مردوں اور عورتوں کا ذکر آیا ہے جو بہت خوب‌صورت تھے جیسے کہ سارہ،‏ راخل،‏ ابیجیل،‏ یوسف اور داؤد۔‏ پاک کلام میں ابی‌شاگ نامی عورت کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ”‏بڑی خوب‌صورت“‏ تھیں۔‏—‏1-‏سلاطین 1:‏4‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

لیکن بہت سے نوجوان اپنی شکل‌وصورت کے بارے میں حد سے زیادہ پریشان رہتے ہیں۔‏ اِس کی وجہ سے بہت سے مسئلے کھڑے ہو سکتے ہیں۔‏ اِس سلسلے میں چند حقائق پر غور کریں:‏

  • ایک سروے میں 58 فیصد لڑکیوں نے کہا کہ اُن کا وزن نارمل سے زیادہ ہے لیکن اصل میں صرف 17 فیصد لڑکیوں کا وزن زیادہ تھا۔‏

  • ایک اَور سروے میں 45 فیصد لڑکیوں کا کہنا تھا کہ وہ بہت موٹی ہیں حالانکہ اُن کا وزن نارمل سے بہت کم تھا۔‏

  • اپنا وزن کم کرنے کے چکر میں کچھ نوجوان ایک بیماری میں مبتلا ہو جاتے ہیں جسے اینوریکسیا کہتے ہیں۔‏ اِس بیماری میں مبتلا شخص کھانا پینا بہت ہی کم کر دیتا ہے اور اِتنا کمزور ہو جاتا ہے کہ اُس کی جان بھی جا سکتی ہے۔‏

اگر آپ میں اِس بیماری کی کچھ علامات پائی جاتی ہیں یا پھر آپ کا کچھ کھانے پینے کو جی نہیں چاہتا تو کسی سے مدد لیں۔‏ کیوں نہ پہلے اپنے امی ابو سے یا پھر کسی اَور قابلِ‌بھروسا شخص سے بات کریں۔‏ پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏دوست ہر وقت محبت دِکھاتا ہے اور بھائی مصیبت کے دن کے لئے پیدا ہوا ہے۔‏“‏—‏امثال 17:‏17‏۔‏

صورت کی بجائے سیرت کو نکھاریں

اِنسان کی خوب‌صورتی کا اندازہ اُس کی صورت سے نہیں بلکہ سیرت سے ہوتا ہے۔‏ اِس سلسلے میں داؤد نبی کے بیٹے ابی‌سلوم کی مثال پر غور کریں۔‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے:‏

‏”‏ابی‌سلوؔم اِتنا حسین تھا کہ .‏ .‏ .‏ اُس کا کوئی ثانی نہ تھا۔‏ اُس میں سر سے پاؤں تک کوئی بھی عیب نہ تھا۔‏“‏—‏2-‏سموئیل 14:‏25‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

لیکن یہ جوان شخص اِنتہائی مغرور،‏ دھوکےباز اور اِختیار کا بھوکا تھا۔‏ اِس لیے خدا کے کلام میں اُس کا ذکر ایک اچھے اِنسان کے طور پر نہیں بلکہ ایک بےوفا،‏ غدار اور قاتل کے طور پر کِیا گیا ہے۔‏

اِسی لیے پاک کلام میں ہمیں مشورہ دیا گیا ہے:‏

‏”‏نئی شخصیت کو پہن لیں۔‏“‏—‏کُلسّیوں 3:‏10‏۔‏

‏”‏آپ کی خوب‌صورتی صرف باہر سے نہ ہو .‏ .‏ .‏ بلکہ آپ کی خوب‌صورتی اندر سے ہو یعنی دل میں چھپے اِنسان سے۔‏“‏—‏1-‏پطرس 3:‏3،‏ 4‏۔‏

اچھا دِکھنے کی خواہش رکھنا غلط نہیں مگر اِس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ آپ کس قسم کی شخصیت اور کردار کے مالک ہیں۔‏ جو چیز آپ کو دوسروں کی نظر میں حسین بنائے گی،‏ وہ آپ کی مضبوط باڈی یا خوب‌صورت جسم نہیں بلکہ آپ کی اچھی صفات اور اچھا اخلاق ہے۔‏ فالیشا نامی ایک لڑکی نے کہا:‏ ”‏لوگ آپ کی خوب‌صورتی کی طرف فوراً متوجہ تو ہوتے ہیں مگر جو چیز اُنہیں زیادہ دیر تک یاد رہتی ہے،‏ وہ آپ کی شخصیت اور اچھی صفات ہوتی ہیں۔‏“‏

اپنے بارے میں اپنی سوچ کا جائزہ لیں

کیا آپ اپنی جسامت اور شکل‌وصورت کی وجہ سے اکثر مایوس رہتے ہیں؟‏

کیا آپ نے خوب‌صورت دِکھنے کے لیے سخت ڈائٹنگ کرنے یا پھر پلاسٹک سرجری کرانے کے بارے میں کبھی سوچا ہے؟‏

اگر آپ کو موقع ملے تو آپ اپنے جسم یا شکل‌وصورت کے سلسلے میں کیا بدلنا چاہیں گے؟‏ (‏جواب پر دائرہ لگائیں)‏

  • قد

  • وزن

  • بال

  • جسامت

  • چہرے کے نقش

  • رنگت

اگر آپ نے پہلے دو سوالوں کا جواب ”‏ہاں“‏ دیا ہے اور تیسرے سوال میں تین یا اِس سے زیادہ جوابوں پر دائرہ لگایا ہے تو اِس کا مطلب ہے:‏ جتنا بُرا آپ اپنے بارے میں سوچتے ہیں،‏ ہو سکتا ہے کہ دوسرے آپ کے بارے میں اُتنا بُرا نہ سوچتے ہوں۔‏ آپ پر اِس بات کا جنون بڑی آسانی سے سوار ہو سکتا ہے کہ آپ کیسے دِکھتے ہیں۔‏—‏1-‏سموئیل 16:‏7‏۔‏