مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق 7

خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

1.‏ خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

یسوع مسیح سب سے اچھے حکمران کیوں ہیں؟‏ —‏مرقس 1:‏40-‏42‏۔‏

خدا کی بادشاہت ایک آسمانی حکومت ہے۔‏ یہ حکومت تمام انسانی حکومتوں کو ختم کر دے گی۔‏ خدا اِس کے ذریعے آسمان اور زمین پر اپنی مرضی پوری کرے گا۔‏ یہ بہت بڑی خوشخبری ہے کہ خدا نے ایک حکومت قائم کی ہے کیونکہ انسان کو ایک اچھی حکومت کی ضرورت ہے۔‏ خدا کی بادشاہت کے تحت زمین کے تمام لوگ مل‌جُل کر رہیں گے۔‏ دانی‌ایل 2:‏44؛‏ متی 6:‏9،‏ 10؛‏ 24:‏14 کو پڑھیں۔‏

اِس بادشاہت کا بادشاہ کون ہے؟‏ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو بادشاہ کے طور پر مقرر کِیا ہے۔‏ مکاشفہ 11:‏15 کو پڑھیں۔‏

ویڈیو ‏”‏خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏“‏ دیکھیں۔‏

2.‏ یسوع مسیح سب سے اچھے حکمران کیوں ہیں؟‏

یسوع مسیح اِس لئے سب سے اچھے بادشاہ ہیں کیونکہ وہ بہت مہربان ہیں اور سچائی کی راہ پر چلتے ہیں۔‏ (‏متی 11:‏28-‏30‏)‏ اِس کے علاوہ اُن کے پاس لوگوں کی مدد کرنے کی طاقت بھی ہے کیونکہ وہ آسمان سے زمین پر حکمرانی کریں گے۔‏ جب یسوع مسیح مُردوں میں سے جی اُٹھے تو وہ آسمان پر چلے گئے جہاں اُنہوں نے یہوواہ خدا کی دہنی طرف بیٹھ کر انتظار کِیا۔‏ (‏عبرانیوں 10:‏12،‏ 13‏)‏ آخرکار خدا نے اُنہیں حکمرانی کرنے کا اختیار دے دیا۔‏ دانی‌ایل 7:‏13،‏ 14 کو پڑھیں۔‏

3.‏ یسوع مسیح کے ساتھ کون حکمرانی کریں گے؟‏

پاک کلام کے مطابق ”‏مُقدس لوگوں“‏ کا ایک گروہ آسمان پر یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کرے گا۔‏ (‏دانی‌ایل 7:‏27‏)‏ جو لوگ سب سے پہلے اِس گروہ میں شامل کئے گئے،‏ وہ یسوع مسیح کے وفادار رسول تھے۔‏ تب سے یہوواہ خدا دوسرے وفادار لوگوں کو بھی اِس گروہ میں شامل کر رہا ہے۔‏ جب یہ لوگ مر جاتے ہیں تو خدا اِن کو یسوع مسیح کی طرح روحانی ہستیوں کے طور پر زندہ کرتا ہے۔‏ یوحنا 14:‏1-‏3؛‏ 1-‏کرنتھیوں 15:‏42-‏44 کو پڑھیں۔‏

کتنے لوگ آسمان پر جائیں گے؟‏ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ ایک ’‏چھوٹا گلّہ‘‏ آسمان پر جائے گا۔‏ (‏لوقا 12:‏32‏)‏ اِن لوگوں کی کُل تعداد 1 لاکھ 44 ہزار ہوگی۔‏ وہ یسوع مسیح کے ساتھ زمین پر حکمرانی کریں گے۔‏ مکاشفہ 14:‏1 کو پڑھیں۔‏

4‏.‏ جب یسوع مسیح کی حکمرانی شروع ہوئی تو کیا واقع ہوا؟‏

خدا کی بادشاہت کی حکمرانی 1914ء میں شروع ہوئی۔‏ * یسوع مسیح نے اختیار سنبھالنے کے فوراً بعد شیطان اور اُس کے بُرے فرشتوں کو زمین پر پھینک دیا۔‏ اِس پر شیطان بہت غضب‌ناک ہوا اور اپنا غصہ زمین پر نکالنے لگا۔‏ (‏مکاشفہ 12:‏7-‏10،‏ 12‏)‏ اِس لئے 1914ء سے زمین پر مصیبتیں دن‌بدن بڑھتی جا رہی ہیں۔‏ جنگیں،‏ خوراک کی کمی،‏ وبائیں،‏ زلزلے،‏ یہ سب اِس بات کی ”‏نشانی“‏ ہیں کہ جلد ہی خدا کی بادشاہت زمین پر حکمرانی کرے گی۔‏ لوقا 21:‏7،‏ 10،‏ 11،‏ 31 کو پڑھیں۔‏

5.‏ خدا کی بادشاہت کیا کچھ انجام دے رہی ہے؟‏

خدا کی بادشاہت نے پوری دُنیا میں لوگوں کو پاک کلام کی تعلیم دینے کا بندوبست کِیا ہے۔‏ اِس طرح سب قوموں میں سے ایک بڑی بِھیڑ جمع کی جا رہی ہے۔‏ لاکھوں لوگ خدا کی رہنمائی کو قبول کرکے یسوع مسیح کی رعایا بن رہے ہیں۔‏ یہ سب لوگ اُس وقت محفوظ رہیں گے جب خدا کی بادشاہت اِس بُری دُنیا کو تباہ کرے گی۔‏ لہٰذا خدا کی بادشاہت کی برکات سے لطف اُٹھانے کے لئے ہمیں یسوع مسیح کے حکم ماننے چاہئیں اور اُن کی حکمرانی کی حمایت کرنی چاہئے۔‏ مکاشفہ 7:‏9،‏ 14،‏ 16،‏ 17 کو پڑھیں۔‏

یسوع مسیح 1000 سال تک حکمرانی کریں گے اور اِس دوران انسانوں کے لئے خدا کا مقصد پورا ہو جائے گا۔‏ ساری زمین فردوس بن جائے گی۔‏ اِس کے بعد یسوع مسیح بادشاہت کو یہوواہ خدا کے حوالے کر دیں گے۔‏ (‏1-‏کرنتھیوں 15:‏24-‏26‏)‏ کیا آپ بھی دوسروں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتانا چاہیں گے؟‏ زبور 37:‏10،‏ 11،‏ 29 کو پڑھیں۔‏

 

^ پیراگراف 6 اگر آپ تفصیل سے جاننا چاہتے ہیں کہ بائبل کی پیشین‌گوئیاں 1914ء کی طرف کیسے اشارہ کرتی ہیں تو کتاب پاک کلام کی تعلیم حاصل کریں کے صفحہ 217-‏220 کو دیکھیں۔‏