مُکاشفہ 12‏:1‏-‏17

  • عورت، بچہ اور اژدہا (‏1-‏6‏)‏

  • میکائیل، اژدہے سے جنگ کرتے ہیں (‏7-‏12‏)‏

    • اژدہے کو زمین پر پھینکا جاتا ہے (‏9‏)‏

    • اِبلیس کے پاس تھوڑا وقت ہے (‏12‏)‏

  • اژدہا عورت کو اذیت پہنچاتا ہے (‏13-‏17‏)‏

12  پھر آسمان پر ایک بڑی نشانی دِکھائی دی۔ ایک عورت نے سورج اوڑھا ہوا تھا، اُس کے پاؤں کے نیچے چاند تھا، اُس کے سر پر 12 ستاروں کا تاج تھا 2  اور وہ حاملہ تھی۔ وہ درد اور تکلیف کے مارے چلّا رہی تھی کیونکہ اُس کے بچے کی پیدائش ہونے والی تھی۔‏ 3  آسمان پر ایک اَور نشانی دِکھائی دی۔ دیکھو!‏ ایک بڑا سا لال سُرخ اژدہا تھا۔ اُس کے سات سر اور دس سینگ تھے اور اُس کے سروں پر سات تاج تھے۔ 4  اور وہ اپنی دُم سے آسمان کے ستاروں کے تیسرے حصے کو گھسیٹ رہا تھا۔ اُس نے اُن کو نیچے زمین پر پھینک دیا۔ اور اژدہا اُس عورت کے سامنے کھڑا رہا جس کا بچہ ہونے والا تھا تاکہ جیسے ہی بچہ پیدا ہو، اِس کو ہڑپ کر لے۔‏ 5  اور عورت نے ایک لڑکے کو جنم دیا جو لوہے کی لاٹھی سے ساری قوموں پر حکومت کرے گا۔ اُس کے بیٹے کو جلدی سے خدا اور اُس کے تخت کے پاس لے جایا گیا۔ 6  اور عورت بھاگ کر ویرانے میں چلی گئی جہاں خدا نے اُس کے لیے ایک جگہ تیار کر رکھی تھی اور جہاں اُسے 1260 (‏بارہ سو ساٹھ)‏ دن تک کھانا کھلایا جائے گا۔‏ 7  اور آسمان پر جنگ چھڑ گئی۔ میکائیل*‏ اور اُن کے فرشتوں نے اژدہے سے جنگ کی اور اژدہے اور اُس کے فرشتوں نے اُن سے جنگ کی 8  لیکن غالب نہیں آئے*‏ اور اُن کے لیے آسمان پر جگہ نہیں رہی۔ 9  لہٰذا اُس بڑے اژدہے کو نیچے پھینک دیا گیا یعنی اُس قدیم سانپ کو جسے اِبلیس اور شیطان کہا جاتا ہے اور جو ساری دُنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔ اُسے نیچے زمین پر پھینک دیا گیا اور اُس کے فرشتوں کو بھی اُس کے ساتھ پھینک دیا گیا۔ 10  پھر مَیں نے آسمان پر ایک اُونچی آواز کو یہ کہتے سنا:‏ ‏”‏خدا نے نجات دِلائی ہے!‏ اُس کا اِختیار ظاہر ہو گیا ہے!‏ اُس کی بادشاہت قائم ہو گئی ہے!‏ اُس کے مسیح نے اِختیار سنبھال لیا ہے!‏ کیونکہ ہمارے بھائیوں پر اِلزام لگانے والے کو نیچے پھینک دیا گیا ہے۔ ہاں، اُسی کو جو دن رات ہمارے خدا کے سامنے اُن پر اِلزام لگاتا ہے!‏ 11  ہمارے بھائی میمنے کے خون اور اُس پیغام کی وجہ سے جو اُنہوں نے سنایا تھا، اُس پر غالب آئے اور اُنہوں نے موت کا سامنا کرتے وقت بھی اپنی جانوں کو عزیز نہیں رکھا۔ 12  اِس وجہ سے اَے آسمانو اور اِن پر رہنے والو، خوش ہو!‏ لیکن اَے زمین اور سمندر، تُم پر افسوس!‏ کیونکہ اِبلیس تمہارے پاس آ گیا ہے اور وہ بڑے غصے میں ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اُس کے پاس تھوڑا ہی وقت ہے۔“‏ 13  جب اژدہے نے دیکھا کہ اُسے زمین پر پھینک دیا گیا ہے تو اُس نے اُس عورت کو اذیت پہنچائی جس کا بیٹا ہوا تھا۔ 14  لیکن عورت کو بڑے عقاب کے دو پَر دیے گئے تاکہ اُڑ کر سانپ کی نظروں سے دُور ویرانے میں اُس جگہ چلی جائے جو اُس کے لیے تیار کی گئی تھی اور جہاں اُسے ایک وقت اور وقتوں اور آدھے وقت کے لیے*‏ کھانا کھلایا جائے گا۔‏ 15  اور سانپ نے عورت کے پیچھے اپنے مُنہ سے پانی کا دریا اُگلا تاکہ وہ اِس دریا میں ڈوب جائے۔ 16  لیکن زمین عورت کی مدد کو آئی اور زمین نے اپنا مُنہ کھولا اور اُس دریا کو نگل لیا جو اژدہے نے اپنے مُنہ سے اُگلا تھا۔ 17  لہٰذا اژدہے کو عورت پر غصہ آیا اور وہ عورت کی باقی اولاد*‏ سے جنگ لڑنے گیا جو خدا کے حکموں پر عمل کرتی ہے اور جسے یسوع کے بارے میں گواہی دینے کا کام دیا گیا ہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

اِس کا مطلب ہے:‏ ”‏خدا کی طرح کون ہے؟“‏
یا شاید ”‏لیکن اُس کو (‏یعنی اژدہے کو)‏ شکست ہوئی“‏
یعنی ساڑھے تین وقتوں کے لیے
یا ”‏نسل“‏