مواد فوراً دِکھائیں

یہوواہ کے گواہ طلاق کو کیسا خیال کرتے ہیں؟‏

یہوواہ کے گواہ طلاق کو کیسا خیال کرتے ہیں؟‏

 ہم شادی اور طلاق کے حوالے سے بائبل کے اصولوں پر عمل کرتے ہیں۔ شادی کا بندھن خدا کی طرف سے ہے اور وہ چاہتا ہے کہ یہ عمر بھر قائم رہے۔ پاک کلام کے مطابق طلاق کی واحد وجہ حرام کاری ہے۔—‏متی 19:‏5، 6،‏ 9‏۔‏

کیا یہوواہ کے گواہ ایسے میاں بیوی کی مدد کرتے ہیں جن کے بندھن میں دراڑ پیدا ہو گئی ہے؟‏

 جی۔ ہم مختلف طریقوں سے ایسا کرتے ہیں۔‏

  •   مطبوعات۔‏ ہماری مطبوعات میں باقاعدگی سے ایسے مضامین شائع ہوتے ہیں جن کی مدد سے ازدواجی بندھن کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، یہاں تک کہ ایسے ازدواجی بندھن کو بھی جو ٹوٹنے کی دہلیز پر ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر مضامین ”‏اپنے جیون ساتھی کو معاف کرنا سیکھیں‏“‏ اور ”‏کیا آپ اپنے ازدواجی رشتے سے مایوس ہو گئے ہیں؟“‏ کو دیکھیں۔‏

  •   اِجلاس۔‏ ہم اپنے اِجلاسوں اور اِجتماعوں پر ازدواجی بندھن کے حوالے سے پاک کلام کے عملی مشوروں پر غور کرتے ہیں۔‏

  •   کلیسیا (‏یعنی جماعت)‏ کے نگہبان۔‏ یہ نگہبان شادی شُدہ جوڑوں کی مدد کرنے کے لیے اُن کی توجہ پاک کلام کی آیتوں پر دِلاتے ہیں جیسے کہ اِفسیوں 5:‏22-‏25 پر۔‏

کیا یہوواہ کے ایک گواہ کو طلاق لینے کے لیے کلیسیا کے نگہبانوں سے اِجازت کی ضرورت ہے؟‏

 نہیں۔ اگرچہ شادی شُدہ جوڑے اپنے ازدواجی مسائل کے حوالے سے کلیسیا کے نگہبانوں سے مدد لے سکتے ہیں مگر اِن نگہبانوں کو یہ اِختیار نہیں ہے کہ وہ اُن کے لیے فیصلے کریں۔ (‏گلتیوں 6:‏5‏)‏ لیکن اگر یہوواہ کا ایک گواہ پاک کلام میں بتائی گئی وجہ کے علاوہ کسی اَور بِنا پر طلاق لیتا ہے تو وہ پاک کلام کے مطابق دوبارہ شادی نہیں کر سکتا.—‏متی 19:‏9‏۔‏

یہوواہ کے گواہ علیٰحدگی کو کیسا خیال کرتے ہیں؟‏

 پاک کلام میں شادی شُدہ جوڑوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ مسائل کے باوجود بھی ایک دوسرے کو نہ چھوڑیں۔ (‏1-‏کُرنتھیوں 7:‏10-‏16‏)‏ بہت سے مسائل دل سے دُعا کرنے، پاک کلام کے اصولوں پر عمل کرنے اور ایک دوسرے کے لیے محبت ظاہر کرنے سے حل کیے جا سکتے ہیں۔—‏1-‏کُرنتھیوں 13:‏4-‏8؛‏ گلتیوں 5:‏22‏۔‏

 لیکن بعض صورتحال بہت سنگین ہوتی ہیں جن کی وجہ سے کچھ مسیحی علیٰحدگی اِختیار کرنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں جیسے کہ

  •   جب شوہر جان بُوجھ کر اپنے بیوی بچوں کی ضروریات پوری نہیں کرتا۔—‏1-‏تیمُتھیُس 5:‏8‏۔‏

  •   جب ایک شخص اپنے جیون ساتھی پر شدید تشدد کرتا ہے۔—‏زبور 11:‏5‏۔‏

  •   جب ایک شخص اپنے جیون ساتھی کے لیے خدا کی عبادت کرنا ناممکن بنا دیتا ہے۔ مثال کے طور پر شاید ایک شخص کا جیون ساتھی اُسے خدا کے حکم توڑنے پر مجبور کرے۔ اُس وقت شاید وہ علیٰحدگی اِختیار کرنے کا فیصلہ کرے کیونکہ اِسی صورت میں وہ ’‏خدا کا کہنا مان‘‏ سکے گا۔—‏اعمال 5:‏29‏۔‏