مواد فوراً دِکھائیں

واچ ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی کیا ہے؟‏

واچ ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی کیا ہے؟‏

 واچ ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف پینسلوانیا ایک غیرمنافع بخش اِدارہ ہے جو 1884ء میں پینسلوانیا کی دولتِ مشترکہ کے قوانین کے تحت قائم ہوا۔ اِس اِدارے کے ذریعے یہوواہ کے گواہ پوری دُنیا میں اپنی تبلیغی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں اور بائبل اور بائبل پر مبنی مطبوعات شائع کرتے ہیں۔‏

 اِس اِدارے کی قانونی دستاویز کے مطابق اِدارے کا مقصد خاص طور پر ”‏خدا کی بادشاہت کی خوش خبری سنانا ہے جس کا بادشاہ یسوع مسیح ہے“‏ اور ”‏مذہبی، تعلیمی اور اِمدادی خدمات“‏ انجام دینا ہے۔ اِس اِدارے کے ارکان کو اِس بِنا پر نہیں چُنا جاتا کہ وہ کتنا زیادہ عطیہ دیتے ہیں بلکہ صرف اُن لوگوں کو چُنا جاتا ہے جنہیں باقاعدہ دعوت دی جاتی ہے۔ اِدارے کے ارکان اور ڈائریکٹرز یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کی مدد کرتے ہیں۔‏

ہمارے دیگر اِدارے

 واچ ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف پینسلوانیا کے علاوہ مختلف ملکوں میں یہوواہ کے گواہوں کے کئی اَور اِدارے ہیں۔ اِن میں سے کچھ کے نام میں لفظ ”‏واچ ٹاور“‏ یا اِس کا ترجمہ شامل ہے۔‏

 اِن اِداروں کے ذریعے یہوواہ کے گواہوں نے بہت سے کام انجام دیے ہیں:‏

  •   نشرواِشاعت۔‏ ہم نے تقریباً 22 کروڑ بائبلیں اور 40 ارب بائبل پر مبنی کتابیں شائع کی ہیں۔ ہماری مطبوعات 900 سے زیادہ زبانوں میں دستیاب ہیں۔ اِس کے علاوہ ہماری ویب سائٹ پر 160 سے زیادہ زبانوں میں بائبل مُفت دستیاب ہے۔ اِس ویب سائٹ کے ذریعے بہت سے اہم سوالوں کے جواب بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں، مثلاً ”‏خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏‏“‏

  •   تعلیمی پروگرام۔‏ ہم بائبل کی تعلیم دینے کے لیے کئی سکول بھی منعقد کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر 1943ء سے لے کر آج تک تقریباً 9000 یہوواہ کے گواہوں نے واچ ٹاور بائبل سکول آف گلئیڈ سے تربیت حاصل کی ہے۔ اِس تربیت کی وجہ سے وہ مختلف ملکوں میں جا کر ہمارے عالم گیر کام کو فروغ دینے کے قابل ہوئے ہیں۔ اِس کے علاوہ پوری دُنیا میں ہر ہفتے ہمارے اِجلاس منعقد ہوتے ہیں جن میں لاکھوں لوگ بائبل سے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اِن اِجلاسوں پر ایسے لوگ بھی آتے ہیں جو یہوواہ کے گواہ نہیں ہیں۔ ہم لوگوں کو پڑھنا لکھنا بھی سکھاتے ہیں اور اِس مقصد کے لیے ہم نے ایک قاعدہ بھی شائع کِیا ہے جو 120 زبانوں میں دستیاب ہے۔‏

  •   اِمدادی کارروائیاں۔‏ ہم اُن لوگوں کی مدد کرنے کے لیے اِمدادی کارروائیاں بھی کرتے ہیں جو کسی مصیبت یا آفت کا سامنا کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر 1994ء میں ہم نے اُن لوگوں کی مدد کے لیے کارروائیاں کیں جو ملک روانڈا میں نسلی فسادات کی وجہ سے متاثر ہوئے اور ہم نے 2010ء میں ایسے لوگوں کی بھی مدد کی جو ملک ہیٹی میں آنے والے زلزلے کی زد میں آئے۔‏

 حالانکہ ہم نے اِن اِداروں کے ذریعے بہت کچھ انجام دیا ہے لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ اِن کے بغیر ہمارا کام نہیں چل سکتا۔ ہر مسیحی کی یہ ذمے‌داری ہے کہ وہ خدا کے حکم کے مطابق لوگوں کو اُس کی بادشاہت کی خوش خبری سنائے اور پاک کلام کی تعلیم دے۔ (‏متی 24:‏14؛‏ 28:‏19، 20‏)‏ ہمیں پورا یقین ہے کہ خدا ہمارے ساتھ ہے اور وہ ہمارے کام کو بڑھاتا رہے گا۔—‏1-‏کُرنتھیوں 3:‏6، 7‏۔‏