مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 02

بائبل میں ایک شان‌دار اُمید دی گئی ہے

بائبل میں ایک شان‌دار اُمید دی گئی ہے

پوری دُنیا میں لوگو‌ں کو طرح طرح کی مشکلوں کا سامنا ہوتا ہے۔ اِن مشکلوں کی وجہ سے اُنہیں پریشانی، دُکھ اور تکلیف سے گزرنا پڑتا ہے۔ کیا آپ کے ساتھ بھی کبھی ایسا ہوا ہے؟ شاید آپ اِس لیے تکلیف سے گزر رہے ہوں کیونکہ آپ کو کوئی بیماری ہے یا آپ کا کوئی عزیز فوت ہو گیا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کے ذہن میں یہ سوال آتا ہو:‏ ”‏کیا زند‌گی کی مشکلیں کبھی ختم ہوں گی؟“‏ بائبل سے اِس سوال کا جواب حاصل کر کے آپ کو بہت تسلی ملے گی۔‏

1.‏ بائبل میں کیا اُمید دی گئی ہے؟‏

بائبل میں بتایا گیا ہے کہ دُنیا میں اِتنی مصیبتیں کیوں ہیں۔ لیکن اِس میں یہ خوش‌خبری بھی دی گئی ہے کہ یہ مصیبتیں بہت جلد ختم ہو جائیں گی۔ بائبل میں جو وعدے کیے گئے ہیں، اُن سے ہمیں ‏”‏نیک انجام کی اُمید“‏ یعنی ایک اچھے مستقبل کی اُمید ملتی ہے۔ (‏یرمیاہ 29:‏11، 12 کو پڑھیں۔)‏ جب ہم اِن وعدوں پر غور کر‌تے ہیں تو ہمیں اپنی مشکلوں سے لڑنے کی ہمت ملتی ہے۔ اِس کے علاوہ ہمیں نہ صرف ابھی خوش رہنے میں مدد ملتی ہے بلکہ یہ اُمید بھی ملتی ہے کہ ہم مستقبل میں ہمیشہ خوش رہیں گے۔‏

2.‏ بائبل میں مستقبل کے حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟‏

بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب ‏”‏نہ موت رہے گی، نہ ماتم، نہ رونا، نہ درد۔“‏ (‏مکاشفہ 21:‏4 کو پڑھیں۔)‏ آج‌کل غربت، نااِنصافی، بیماری اور موت جیسی چیزوں کی وجہ سے ہم نااُمید ہو جاتے ہیں۔ لیکن مستقبل میں یہ سب چیزیں ختم ہو جائیں گی۔ بائبل میں وعدہ کِیا گیا ہے کہ پوری زمین فردوس یعنی ایک خوب‌صورت باغ کی طرح بن جائے گی اور اِنسان اِس پر ہمیشہ تک خوشیوں بھری زند‌گی گزاریں گے۔‏

3.‏ ہم یہ یقین کیوں رکھ سکتے ہیں کہ بائبل میں لکھے وعدے ضرور پورے ہوں گے؟‏

بہت سے لوگو‌ں کو یہ اُمید ہوتی ہے کہ اُن کا مستقبل اچھا ہوگا۔ لیکن وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اُن کی اُمید پوری ہوگی یا نہیں۔ مگر بائبل میں جو وعدے کیے گئے ہیں، وہ ضرور پورے ہوں گے۔ اگر ہم اِس بات پر اپنے یقین کو مضبوط کر‌نا چاہتے ہیں تو ہمیں ‏”‏صحیفوں کو کھول کھول“‏ کر دیکھنا چاہیے یعنی گہرائی سے اِن کا مطالعہ کر‌نا چاہیے۔ (‏اعمال 17:‏11‏)‏ جب آپ بائبل کا مطالعہ کر‌یں گے تو آپ خود یہ دیکھ پائیں گے کہ آپ کو اِس میں لکھے وعدوں پر یقین کر‌نا چاہیے یا نہیں۔‏

موضوع کی گہرائی میں جائیں

کچھ ایسے وعدوں پر غور کر‌یں جو بائبل میں مستقبل کے حوالے سے کیے گئے ہیں۔ یہ بھی جانیں کہ اِن وعدوں کی وجہ سے لوگو‌ں کی زند‌گی کیسے بدل گئی ہے۔‏

4.‏ بائبل میں وعدہ کِیا گیا ہے کہ اِنسان زمین پر ہمیشہ تک زند‌ہ رہیں گے اور اُن کی زند‌گی مسئلوں سے پاک ہوگی

نیچے کچھ ایسے وعدے لکھے ہیں جو بائبل میں مستقبل کے حوالے سے کیے گئے ہیں۔ آپ کو اِن میں سے کون سے وعدے اچھے لگتے ہیں اور کیوں اچھے لگتے ہیں؟‏

اُن آیتوں کو پڑھیں جو ہر وعدے کے ساتھ دی گئی ہیں اور پھر اِن سوالوں پر غور کر‌یں:‏

  • کیا آپ کو لگتا ہے کہ اِن آیتوں سے آپ کو اُمید ملی ہے؟ کیا اِن آیتوں سے آپ کے گھر والوں اور دوستوں کو اُمید مل سکتی ہے؟‏

ذرا سوچیں کہ آپ ایک ایسی دُنیا میں ہیں .‏ .‏ .‏

جہاں کوئی بھی شخص .‏ .‏ .‏

جہاں ہر شخص .‏ .‏ .‏

  • مصیبتوں، بڑھاپے یا موت کا سامنا نہیں کر رہا۔—‏یسعیاہ 25:‏8‏۔‏

  • اپنے اُن عزیزوں سے دوبارہ مل رہا ہے جو فوت ہو چُکے تھے۔—‏یوحنا 5:‏28، 29‏۔‏

  • بیماری یا معذوری کے ساتھ نہیں رہ رہا۔—‏یسعیاہ 33:‏24؛‏ 35:‏5، 6‏۔‏

  • نااِنصافی نہیں سہہ رہا۔—‏یسعیاہ 32:‏16، 17‏۔‏

  • پیٹ بھر کھانا کھاتا ہے، اچھے گھر میں رہتا ہے اور اپنی محنت کا پھل کھاتا ہے۔—‏زبور 72:‏16؛‏ یسعیاہ 65:‏21، 22‏۔‏

  • جنگ کی وجہ سے تکلیف نہیں اُٹھا رہا۔—‏زبور 46:‏9‏۔‏

  • تکلیف‌دہ باتوں اور یادوں کے ساتھ نہیں جی رہا۔—‏یسعیاہ 65:‏17‏۔‏

  • مسئلوں سے پاک زند‌گی گزار رہا ہے اور اُس کے پاس ہمیشہ تک زند‌ہ رہنے کی اُمید ہے۔—‏زبور 37:‏29‏۔‏

5.‏ بائبل میں لکھے وعدوں کی وجہ سے آپ کی زند‌گی بدل سکتی ہے

بہت سے لوگ دُنیا میں مسئلے مسائل دیکھ کر مایوس ہو جاتے ہیں اور کچھ لوگو‌ں کو تو غصہ بھی آتا ہے۔ کچھ لوگ حالات کو سدھارنے کی سخت کوشش کر‌تے ہیں۔ اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ جب کوئی شخص بائبل سے یہ جان جاتا ہے کہ مستقبل میں حالات بہتر ہو جائیں گے تو اُس کی زند‌گی پر کیا اثر ہوتا ہے۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کر‌یں:‏

  • رفیکا بچپن سے ہی کس بات کی وجہ سے پریشان تھیں؟‏

  • وہ مسئلہ تو حل نہیں ہوا جس کی وجہ سے رفیکا پریشان تھیں لیکن بائبل کا مطالعہ کر‌نے سے اُنہیں کیا فائدہ ہوا؟‏

جب ہم اُن وعدوں پر یقین رکھتے ہیں جو بائبل میں مستقبل کے حوالے سے کیے گئے ہیں تو ہم مایوسی پر قابو پا سکتے ہیں اور اپنے مسئلوں سے اچھی طرح نمٹ سکتے ہیں۔ امثال 17:‏22 اور رومیوں 12:‏12 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کر‌یں:‏

  • اگر آپ بائبل میں لکھے وعدوں پر یقین رکھتے ہیں تو اِس کا آپ کی زند‌گی پر کیا اثر ہو سکتا ہے؟ آپ کو ایسا کیوں لگتا ہے؟‏

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏بائبل میں مستقبل کے حوالے سے جو وعدے کیے گئے ہیں، وہ بس خواب ہی ہیں۔“‏

  • آپ کے خیال میں آپ کو خود اِس بات پر غور کیوں کر‌نا چاہیے کہ بائبل میں لکھے وعدے پورے ہوں گے یا نہیں؟‏

خلاصہ

بائبل میں ایسے بہت سے وعدے کیے گئے ہیں جن سے یہ اُمید ملتی ہے کہ اِنسانوں کا مستقبل خوشیوں بھرا ہوگا۔ اِن وعدوں پر غور کر‌نے سے ہمیں اپنے مسئلوں سے نمٹنے کی ہمت ملتی ہے۔‏

دُہرائی

  • لوگو‌ں کو اُمید کی ضرورت کیوں ہے؟‏

  • بائبل میں مستقبل کے حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟‏

  • ایک اچھے مستقبل کی اُمید کی وجہ سے آپ کو ابھی کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟‏

اب یہ کر‌نا ہے:‏

مزید جانیں

اِن مضامین میں پڑھیں کہ اُمید کا آپ کی زند‌گی پر کیا اثر ہو سکتا ہے۔‏

‏”‏آپ اُمید کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں؟“‏ (‏‏”‏جاگو!‏“‏ کے مضامین)‏

کئی لوگ کسی ایسی بیماری سے لڑ رہے ہیں جو جلدی ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایسے لوگ مستقبل کے بارے میں اُمید سے تسلی کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔‏

‏”‏کیا پاک کلام دائمی بیماری سے نمٹنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے؟“‏ (‏ویب‌سائٹ پر مضمون)‏

جب آپ اِس ویڈیو کو دیکھتے ہیں تو تصور کر‌یں کہ آپ اور آپ کے گھر والے اُس زند‌گی کا مزہ لے رہے ہیں جس کا بائبل میں وعدہ کِیا گیا ہے۔‏

سوچیں کہ کیسا سماں ہوگا!‏‏(‏37:‏3)‏

اِس مضمون میں ایک ایسے شخص کے بارے میں پڑھیں جو معاشرے میں سدھار لانے کی کوشش کر رہا تھا۔ دیکھیں کہ جب اُسے مستقبل کے حوالے سے بائبل میں لکھے وعدوں کا پتہ چلا تو اُس کی زند‌گی کیسے بدل گئی۔‏

‏”‏اب مجھے دُنیا کو بدلنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی“‏ (‏‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا مضمون)‏