مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 گھریلو زندگی کو خوشگوار بنائیں | ازدواجی زندگی

کیا یہ صرف دوستی ہے یا اِس سے زیادہ؟‏

کیا یہ صرف دوستی ہے یا اِس سے زیادہ؟‏

مسئلہ

شاید آپ کی کسی ایسے مخالف جنس کے ساتھ دوستی ہے جو آپ کو بہت اچھی طرح سے سمجھتا ہے اور آپ دونوں ایک دوسرے سے ہر طرح کی بات کر سکتے ہیں۔‏ شاید آپ خود سے کہیں:‏ ”‏ہم دونوں بس دوست ہیں۔‏“‏ لیکن اگر آپ کے جیون‌ساتھی کو پتہ چلے کہ آپ اُس شخص کے ساتھ اپنا ہر دُکھ سُکھ بانٹتے ہیں تو شاید وہ اِس رشتے کو دوستی کا نام نہ دے۔‏

اگر بات واقعی دوستی سے آگے بڑھ گئی ہے تو آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‏ لیکن آئیں،‏ پہلے اِس بات پر غور کریں کہ آپ کس وجہ سے اُس مخالف جنس کے اِتنے قریب ہو گئے ہیں۔‏

مسئلے کی وجہ

ہمدردی کی ضرورت:‏ یہ بات سچ ہے کہ جب کوئی مخالف جنس ہم میں دلچسپی لیتا ہے تو ہمیں بہت اچھا لگتا ہے۔‏ ہمیں اِس احساس سے بڑی خوشی ملتی ہے کہ کوئی ہماری قدر کرتا ہے اور ہمیں چاہتا ہے۔‏ شادی کے کچھ عرصے بعد شاید کسی اَور مخالف جنس کے بارے میں آپ کو لگے کہ وہ آپ کے احساسات کو بہتر طور پر سمجھتا ہے اور آپ کا ہمدرد ہے۔‏ لیکن یاد رکھیں کہ اگر آپ اپنے جیون‌ساتھی کے علاوہ کسی اَور مخالف جنس کو اپنا ہمدرد سمجھتے ہیں تو اِس سے بہت نقصان ہوگا۔‏ جب آپ کسی پرائے شخص کے ساتھ جذباتی تعلق جوڑتے ہیں تو آپ اپنے جیون‌ساتھی کے ساتھ اِس تعلق کو کمزور کر رہے ہوتے ہیں۔‏ اِس طرح آپ اپنے جیون‌ساتھی کو اُس پیار سے محروم کر رہے ہوتے ہیں جس پر صرف اُس کا حق ہے۔‏

‏• خود سے پوچھیں:‏ ”‏اِس شخص نے میری کس کمی کو پورا کِیا ہے جسے پورا کرنے کی توقع مَیں اپنے جیون‌ساتھی سے کرتا ہوں؟‏“‏

جیون‌ساتھی سے مایوسی:‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ شادی کرتے ہیں،‏ اُنہیں کسی حد تک ’‏تکلیفوں‘‏ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‏ (‏1-‏کرنتھیوں 7:‏28‏)‏ مثال کے طور پر شاید کبھی‌کبھار آپ کو لگے کہ آپ کا جیون‌ساتھی آپ کو زیادہ توجہ نہیں دیتا یا آپ کی قدر نہیں کرتا۔‏ یا پھر آپ کے اور آپ کے جیون‌ساتھی کے درمیان کوئی مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے جس کی وجہ سے آپ کے دل میں اُس کے لئے ناراضگی ہے۔‏ شاید آپ کا جیون‌ساتھی اِس مسئلے پر بات کرنے سے کتراتا ہے اور آپ کو پریشانی کے عالم میں چھوڑ دیتا ہے۔‏ ایسی صورت میں جب کوئی اَور آپ کے لئے فکر دِکھاتا ہے تو آپ اُس کی طرف کھنچے چلے جاتے ہیں۔‏ بعض ماہرین کہتے ہیں کہ جب میاںبیوی مسئلوں پر بات نہیں کرتے تو اِس بات کا زیادہ اِمکان ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ خوش نہ رہیں،‏ یہاں تک کہ طلاق کا اِمکان بھی زیادہ ہو جاتا ہے۔‏

 ‏• خود سے پوچھیں:‏ ”‏کیا میری ازدواجی زندگی میں کوئی ایسا مسئلہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے مَیں نے کسی مخالف جنس کے ساتھ بہت گہری دوستی پیدا کر لی ہے؟‏“‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

خطرے کو پہچانیں۔‏ پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏کیا اِنسان اپنی جھولی میں بھڑکتی آگ یوں اُٹھا کر پھر سکتا ہے کہ اُس کے کپڑے نہ جلیں؟‏“‏ (‏امثال 6:‏27‏،‏ اُردو جیو ورشن‏)‏ اِس غلط‌فہمی کا شکار نہ ہوں کہ کسی اَور کو پیار کرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔‏ (‏یعقوب 1:‏14،‏ 15‏)‏ بات یہ نہیں کہ نقصان صرف آگے چل کر ہوگا بلکہ آپ کے جیون‌ساتھی کو ابھی بھی نقصان پہنچا ہے۔‏ کسی دوسرے کو اپنا پیار دے کر آپ اپنے جیون‌ساتھی کو اُس پیار سے محروم رکھ رہے ہیں جس پر صرف اُس کا حق ہے۔‏

خود کو دھوکا نہ دیں۔‏ جس شخص کے ساتھ آپ کی ابھی گہری دوستی ہے،‏ شاید آپ سوچیں کہ اگر اِس سے میری شادی ہوئی ہوتی تو زندگی کتنی اچھی ہوتی۔‏ دراصل آپ اُس شخص کی خوبیوں کا موازنہ اپنے جیون‌ساتھی کی خامیوں کے ساتھ کر رہے ہیں جو کہ مناسب نہیں ہے۔‏ یاد رکھیں کہ جیسا آپ ابھی اِس شخص کے بارے میں محسوس کر رہے ہیں ویسا ہی آپ شادی سے پہلے اپنے جیون‌ساتھی کے بارے میں محسوس کرتے تھے۔‏‏—‏پاک کلام کا اصول:‏ یرمیاہ 17:‏9‏۔‏

حدیں مقرر کریں۔‏ کچھ لوگ اپنی گاڑی یا گھر کی حفاظت کے لئے اِن میں الارم لگاتے ہیں۔‏ آپ اپنی شادی کے بندھن کو محفوظ رکھنے کے لئے بھی کچھ کر سکتے ہیں۔‏ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”‏اپنے دل کی خوب حفاظت کر۔‏“‏ (‏امثال 4:‏23‏)‏ آپ یہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏ یہ اِقدام اُٹھائیں:‏

  • دوسروں پر واضح کریں کہ آپ اپنے شادی کے بندھن کو اہم خیال کرتے ہیں۔‏ شاید آپ کام کی جگہ پر اپنے جیون‌ساتھی کی تصویر لگا کر رکھ سکتے ہیں۔‏‏—‏پاک کلام کا اصول:‏ پیدایش 2:‏24‏۔‏

  • اِس بات کا فیصلہ کریں کہ آپ کس حد تک مخالف جنس کے ساتھ میل‌جول رکھیں گے۔‏ مثال کے طور پر یہ مناسب نہیں کہ آپ کسی مخالف جنس کے ساتھ اپنے ازدواجی مسائل پر بات کریں یا اُس کے ساتھ اکیلے گھومنے پھرنے جائیں۔‏

  • اگر آپ کسی مخالف جنس کے بہت قریب آ گئے ہیں تو اُس کے ساتھ دوستی ختم کر دیں۔‏ اگر آپ کو ایسا کرنا بہت مشکل لگ رہا ہے تو خود سے پوچھیں کہ آپ ایسا کیوں نہیں کر پا رہے۔‏ اُس شخص کے ساتھ اپنی دوستی کو قائم رکھنے کے لئے عُذر تلاش نہ کریں۔‏ اِس کی بجائے اپنے جیون‌ساتھی کا ساتھ دیں اور اپنے ازدواجی بندھن کو بچانے کے لئے قدم اُٹھائیں۔‏‏—‏پاک کلام کا اصول:‏ امثال 5:‏18،‏ 19‏۔‏