طِطُس 3‏:1‏-‏15

  • اِختیار والوں کے تابع‌دار ہوں (‏1-‏3‏)‏

  • اچھے کام کرنے پر دھیان لگائیں (‏4-‏8‏)‏

  • احمقانہ بحث‌وتکرار اور فرقہ‌بازی سے کنارہ کریں (‏9-‏11‏)‏

  • ہدایات اور سلام دُعا (‏12-‏15‏)‏

3  اُن کو یاد دِلاتے رہیں کہ حکومتوں اور اِختیار والوں کے فرمانبردار اور تابع‌دار ہوں، ہر طرح کے اچھے کام کرنے کو تیار رہیں، 2  کسی کی بُرائی نہ کریں اور جھگڑالو نہ ہوں بلکہ سمجھ‌داری سے کام لیں اور سب کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔ 3  کیونکہ ایک زمانے میں ہم بھی بے‌عقل، نافرمان، گمراہ اور گھناؤنے تھے، طرح طرح کی خواہشوں اور ہوسوں کے غلام تھے، بُرائی اور حسد کرتے تھے اور ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے۔‏ 4  لیکن جب ہمارے نجات‌دہندہ خدا کی مہربانی اور اِنسانوں کے لیے محبت ظاہر ہوئی 5  ‏(‏اِس لیے نہیں کہ ہم نے کوئی نیک کام کِیا ہے بلکہ اِس لیے کہ وہ رحیم ہے)‏ تو اُس نے ہمیں نجات دِلائی کیونکہ وہ ہمیں پاک صاف کر کے *‏ زندگی کی طرف لایا اور پاک روح کے ذریعے نیا بنا دیا۔ 6  اُس نے یہ روح ہمارے نجات‌دہندہ یسوع مسیح کے ذریعے ہم پر کثرت*‏ سے نازل کی 7  تاکہ ہم اُس کی عظیم رحمت کے ذریعے نیک قرار دیے جائیں اور ہمیشہ کی زندگی کی اُمید کی بِنا پر وارث بن جائیں۔‏ 8  یہ باتیں قابلِ‌بھروسا ہیں۔ مَیں چاہتا ہوں کہ آپ اِن معاملوں پر زور دیتے رہیں تاکہ جو لوگ خدا پر ایمان لائے ہیں، اُن کا دھیان اچھے کام کرنے پر لگا رہے۔ یہ باتیں اِنسانوں کے لیے فائدہ‌مند اور عمدہ ہیں۔‏ 9  لیکن احمقانہ بحث‌وتکرار، سلسلۂ‌نسب کی چھان‌بین اور شریعت پر لڑائی جھگڑوں سے دُور رہیں کیونکہ یہ سب بے‌فائدہ اور فضول ہیں۔‏ 10  جو شخص کسی فرقے کو فروغ دیتا ہے، *‏ اُسے ایک یا دو بار خبردار*‏ کریں اور اگر وہ نہیں سنتا تو اُس سے تعلق توڑ دیں 11  کیونکہ ایسا شخص سیدھی راہ سے بھٹک گیا ہے اور گُناہ کر رہا ہے اور خود کو قصوروار ٹھہرا رہا ہے۔‏ 12  جب مَیں ارتماس یا تخِکُس کو آپ کے پاس بھیجوں گا تو میرے پاس نیکپُلِس آنے کی پوری کوشش کریں کیونکہ مَیں نے سردی کا موسم وہاں گزارنے کا فیصلہ کِیا ہے۔ 13  آپ زیناس کو جو شریعت کے ماہر ہیں اور اپلّوس کو سفر کے لیے جو کچھ مہیا کر سکتے ہیں، ضرور کریں تاکہ اُنہیں کوئی کمی نہ ہو۔ 14  لیکن ہمارے لوگوں کو بھی یہ سیکھنا چاہیے کہ اچھے کام کرنے میں لگے رہیں تاکہ جب کوئی خاص ضرورت پیدا ہو تو وہ مدد کر سکیں۔ یوں وہ بے‌پھل نہیں ہوں گے۔‏ 15  وہ سب آپ کو سلام کہتے ہیں جو میرے ساتھ ہیں۔ میری طرف سے اُن کو سلام کہیں جو ہمارے ہم‌ایمان ہیں اور ہمیں عزیز رکھتے ہیں۔‏ دُعا ہے کہ خدا کی عظیم رحمت آپ سب کے ساتھ رہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یونانی میں:‏ ”‏غسل دے کر“‏
یا ”‏فیاضی“‏
یا ”‏کوئی فرقہ بناتا ہے“‏
یا ”‏منع“‏