طِطُس 1‏:1‏-‏16

  • سلام دُعا (‏1-‏4‏)‏

  • بزرگ مقرر کرنے کی ذمے‌داری (‏5-‏9‏)‏

  • باغیوں کی درستی کریں (‏10-‏16‏)‏

1  خدا کے غلام اور یسوع مسیح کے رسول پولُس کی طرف سے خط جس کا ایمان خدا کے چُنے ہوئے لوگوں کے ایمان کی طرح ہے اور جس نے اُس سچائی کے بارے میں صحیح علم حاصل کِیا ہے جس کا تعلق خدا کی بندگی سے ہے۔‏ 2  یہ اُس ہمیشہ کی زندگی کی اُمید پر مبنی ہے جس کا وعدہ خدا نے جو جھوٹ نہیں بول سکتا، صدیوں پہلے کِیا تھا۔ 3  خدا نے مقررہ وقت پر اپنا کلام اُس مُنادی کے کام کے ذریعے ظاہر کِیا جو ہمارے نجات‌دہندہ خدا کے حکم سے مجھے سونپا گیا ہے۔ 4  یہ خط طِطُس کے نام ہے جو اُس ایمان کے لحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے جس میں ہم دونوں شریک ہیں۔‏ ہمارا باپ خدا اور ہمارے نجات‌دہندہ مسیح یسوع آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔‏ 5  مَیں نے آپ کو اِس لیے جزیرہ کرِیٹ میں چھوڑا تاکہ آپ وہاں کی بگڑی ہوئی صورتحال کو سدھاریں اور میری ہدایت کے مطابق ہر شہر میں بزرگ مقرر کریں 6  بشرطیکہ وہ اِلزام سے پاک ہوں، ایک بیوی کے شوہر ہوں، اُن کے بچے ایمان رکھتے ہوں اور اُن کے بچوں پر عیاشی اور بغاوت کا اِلزام نہ ہو۔ 7  ایک نگہبان خدا کا مقررشُدہ مختار ہے اِس لیے اُس کو اِلزام سے پاک ہونا چاہیے؛ اُسے ضدی، گرم‌مزاج، شرابی اور متشدد نہیں ہونا چاہیے اور اپنا فائدہ حاصل کرنے کا لالچ نہیں کرنا چاہیے۔ 8  اِس کی بجائے اُسے اچھائی سے پیار کرنے والا، مہمان‌نواز،‏*‏ سمجھ‌دار، نیک، وفادار اور ضبطِ‌نفس کا مالک ہونا چاہیے۔ 9  جہاں تک تعلیم دینے کے ہنر کی بات ہے تو وہ اُس کلام کے عین مطابق تعلیم دے جو قابلِ‌بھروسا ہے۔ یوں وہ صحیح*‏ تعلیم کے ذریعے دوسروں کی حوصلہ‌افزائی*‏ کر سکے گا اور اُن لوگوں کی درستی کر سکے گا جو اِس تعلیم کے خلاف بولتے ہیں۔‏ 10  کیونکہ بہت سے ایسے لوگ ہیں جو باغی اور دھوکے‌باز ہیں اور فضول باتیں پھیلاتے ہیں، خاص طور پر وہ جو ختنے کی روایت سے چپکے ہوئے ہیں۔‏ 11  ضروری ہے کہ اُن کا مُنہ بند کِیا جائے کیونکہ وہ اپنے فائدے کے لیے لوگوں کو ایسی تعلیم دے رہے ہیں جو اُنہیں نہیں دینی چاہیے اور یوں وہ پورے خاندانوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ 12  اُن کے ایک ہم‌وطن نبی نے کہا:‏ ”‏کرِیٹ کے لوگ ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں، وہ وحشی درندے اور نکمّے پیٹ‌پجاری ہیں۔“‏ 13  یہ بات بالکل سچ ہے۔ اِسی لیے سختی سے اُن کی درستی کرتے رہیں تاکہ اُن کا ایمان مضبوط*‏ ہو جائے 14  اور وہ یہودیوں کے قصے کہانیوں اور اُن لوگوں کے حکموں پر دھیان نہ دیں جو سچائی کی راہ سے گمراہ ہوتے ہیں۔‏ 15  پاک لوگوں کے لیے ساری چیزیں پاک ہیں لیکن ناپاک اور ایمان سے خالی لوگوں کے لیے کوئی بھی چیز پاک نہیں ہے کیونکہ اُن کے ذہن اور ضمیر دونوں ناپاک ہیں۔ 16  وہ لوگوں کے سامنے تو خدا کو جاننے کا اِقرار کرتے ہیں لیکن اپنے کاموں سے اُس کا اِنکار کرتے ہیں کیونکہ وہ گھناؤنے اور نافرمان ہیں اور کوئی بھی اچھا کام کرنے کے لائق نہیں ہیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏ملنسار“‏
یا ”‏فائدہ‌مند؛ صحت‌بخش“‏
یا ”‏نصیحت“‏
یونانی میں:‏ ”‏صحت‌مند“‏