مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خدا کی بادشاہت زمین پر کب حکمرانی کر‌ے گی؟‏

خدا کی بادشاہت زمین پر کب حکمرانی کر‌ے گی؟‏

یسوع کے بعض پیروکار یہ جاننا چاہتے تھے کہ خدا کی بادشاہت کب حکمرانی شروع کر‌ے گی۔ یسوع نے اُنہیں یہ جواب تو نہیں دیا کہ خدا کی بادشاہت ٹھیک کب زمین پر حکمرانی کر‌ے گی۔ (‏اعمال 1:‏6، 7‏)‏ البتہ وہ پہلے ہی اُنہیں ایسے واقعات بتا چُکے تھے جو ایک ساتھ پیش آنے تھے اور جنہیں دیکھ کر اُن کے پیروکار یہ ’‏جان سکتے تھے کہ خدا کی بادشاہت نزدیک ہے‘‏ اور زمین پر حکومت کر‌نے والی ہے۔—‏لُوقا 21:‏31‏۔‏

یسوع نے کن واقعات کا ذکر کِیا؟‏

یسوع نے کہا:‏ ”‏قومیں ایک دوسرے پر چڑھائی کر‌یں گی اور سلطنتیں ایک دوسرے کے خلاف اُٹھیں گی، بڑے بڑے زلزلے آئیں گے، جگہ جگہ قحط پڑیں گے اور وبائیں پھیلیں گی۔“‏ (‏لُوقا 21:‏10، 11‏)‏ جس طرح اُنگلیوں کے نشان سے ایک شخص کو پہچانا جا سکتا ہے اِسی طرح یسوع کے بتائے گئے واقعات سے یہ جانا جا سکتا ہے کہ ”‏خدا کی بادشاہت نزدیک ہے۔“‏ لیکن کیا کوئی ایسا دَور تھا جب یہ واقعات ایک ہی ساتھ پیش آئے اور پوری دُنیا میں ہوتے دِکھائی دیے؟ آئیں، اِس حوالے سے کچھ ثبوتوں پر غور کر‌یں۔‏

1.‏ جنگیں

سن 1914ء میں ایک ایسی جنگ چھڑی جو اِنسانی تاریخ میں پہلے کبھی اِتنے بڑے پیمانے پر نہیں لڑی گئی۔ اکثر تاریخ‌دان 1914ء کو ایک ایسا سال کہتے ہیں جس نے تاریخ کا رُخ ہی موڑ دیا کیونکہ یہ وہ سال تھا جب پہلی بار عالمی جنگ شروع ہوئی۔ اِس جنگ کے دوران جتنے بڑے پیمانے پر جنگی ٹینک، مشین گنیں، زہریلی گیسیں اور فضائی بم اِستعمال ہوئے اُتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ اِس کے کچھ سال بعد دوسری عالمی جنگ شروع ہوئی جس میں پہلی بار ایٹمی ہتھیاروں کو اِستعمال کِیا گیا۔ 1914ء سے اِنسان ایک دوسرے سے جنگیں لڑتے آ رہے ہیں جن میں کر‌وڑوں لوگ مارے گئے ہیں۔‏

2.‏ زلزلے

ایک اِنسائیکلوپیڈیا کے مطابق ہر سال تقریباً 100 ایسے زلزلے آتے ہیں جو ”‏بڑی تباہی“‏ مچاتے ہیں۔ ‏(‏بریٹانیکا اکیڈمک)‏ امریکی حکومت کے ایک اِدارے کی رپورٹ کے مطابق ”‏سن 1900ء سے جو ریکارڈ موجود ہیں، اُن کی بِنا پر ہر سال تقریباً 16 بڑے زلزلوں کی توقع کی جا سکتی ہے۔“‏ مگر بعض لوگ سوچتے ہیں کہ پہلے بھی اِتنے زلزلے آتے تھے۔ بس اب فرق یہ ہے کہ جدید آلوں کی وجہ سے زلزلوں کے آنے کو بھانپا جا سکتا ہے۔ لیکن سچ تو یہ ہے کہ آج دُنیا بھر میں جو بڑے بڑے زلزلے آ رہے ہیں، اُن میں اِتنا زیادہ جانی نقصان ہو رہا ہے جتنا پہلے کبھی نہیں ہوا۔‏

3.‏ قحط

آج دُنیا بھر میں خوراک کی جو کمی ہے، اُس کی وجہ جنگیں، کر‌پشن، معاشی بحران اور زراعت کا ناقص اِنتظام ہے۔ اِس کے علاوہ اکثر حکومت کی طرف سے خراب موسم سے نمٹنے کے لیے کوئی اِقدام نہیں اُٹھائے جاتے۔ عالمی اِدارۂ خوراک کی 2018ء کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ”‏دُنیا میں 82 کر‌وڑ 10 لاکھ لوگو‌ں کو پیٹ بھر کھانا نہیں ملا۔ اِن میں سے 12 کر‌وڑ 40 لاکھ کی حالت تو بہت ہی سنگین ہے۔“‏ خوراک کی کمی کی وجہ سے ہر سال تقریباً 31 لاکھ بچے مر جاتے ہیں۔ 2011ء میں پوری دُنیا میں جتنے بچوں کی اموات ہوئیں، اُن میں سے 45 فیصد خوراک کی قلت کی وجہ سے مرے۔‏

4.‏ وبائیں

عالمی اِدارۂ صحت کی ایک کتاب میں بتایا گیا:‏ ”‏21ویں صدی میں کچھ بہت بڑی وبائیں پھیلیں۔ اِن میں سے کچھ وبائیں پُرانی تھیں جو پھر سے لوٹ آئیں جیسے کہ ہیضہ، طاعون اور یرقان اور کچھ نئی وبائیں پھوٹ پڑیں جیسے کہ سارس، انفلوئنزا، مرس، ایبولا اور زیکا۔“‏ حالانکہ سائنس‌دانوں اور ڈاکٹروں نے بیماریوں کے بارے میں کافی کچھ جان لیا ہے لیکن وہ تمام بیماریوں کا علاج تلاش نہیں کر پائے۔‏

5.‏ پوری دُنیا میں مُنادی کا کام

یسوع نے آخری زمانے کا نشان دیتے وقت یہ بھی کہا:‏ ”‏بادشاہت کی خوش‌خبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی تاکہ سب قوموں کو گو‌اہی ملے۔ پھر خاتمہ آئے گا۔“‏ (‏متی 24:‏14‏)‏ دُنیا میں لوگ بہت ہی سنگین مسئلوں کا سامنا کر رہے ہیں لیکن 80 لاکھ سے زیادہ لوگ ایسے ہیں جو 240 ملکوں میں 1000 سے زیادہ زبانوں میں سب قوموں کو خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری سنا رہے ہیں۔ ایسا اِنسانی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا!‏

یسوع کا بتایا گیا نشان ہمارے لیے کیا اہمیت رکھتا ہے؟‏

یسوع نے جو نشان دیا، اُس میں اُنہوں نے ایسے واقعات کا ذکر کِیا جو آج ہو رہے ہیں۔ ہمیں اِس بات میں دلچسپی کیوں لینی چاہیے؟ کیونکہ یسوع نے کہا تھا کہ ”‏جب آپ دیکھیں گے کہ یہ ساری باتیں ہو رہی ہیں تو جان لیں کہ خدا کی بادشاہت نزدیک ہے۔“‏—‏لُوقا 21:‏31‏۔‏

بہت جلد خدا کی بادشاہت کے ذریعے زمین پر خدا کی مرضی پوری ہوگی۔‏

جب ہم یسوع کے بتائے گئے نشان پر اور زمانوں کے حوالے سے بائبل کی پیش‌گو‌ئیوں پر غور کر‌تے ہیں تو ہم سمجھ جاتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت 1914ء میں آسمان پر قائم ہوئی تھی۔‏ a اُس وقت خدا نے اپنے بیٹے یسوع مسیح کو بادشاہ مقرر کِیا۔ (‏زبور 2:‏2،‏ 4،‏ 6-‏9‏)‏ بہت جلد خدا کی بادشاہت زمین پر حکمرانی کر‌ے گی، دوسری تمام حکومتوں کو ختم کر دے گی اور زمین کو فردوس بنا دے گی جس میں اِنسان ہمیشہ تک زند‌ہ رہیں گے۔‏

جلد ہی یسوع کی سکھائی ہوئی یہ دُعا پوری ہوگی:‏ ”‏تیری بادشاہت آئے۔ تیری مرضی جیسے آسمان پر ہو رہی ہے ویسے ہی زمین پر بھی ہو۔“‏ (‏متی 6:‏10‏)‏ لیکن جب سے خدا کی بادشاہت نے 1914ء میں اِختیار سنبھالا ہے تب سے یہ کیا کچھ کر رہی ہے؟ اور جب یہ مکمل طور پر حکمرانی کر‌ے گی تو ہمیں کون سی برکتیں ملیں گی؟‏

a سن 1914ء کے بارے میں مزید معلومات جاننے کے لیے کتاب ‏”‏اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!‏“‏ کے سبق نمبر 32 کو دیکھیں۔ یہ کتاب یہوواہ کے گو‌اہوں نے شائع کی ہے۔‏