مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بہن ہلڈا نے وہ کر لیا جو اُنہوں نے سوچا ہوا تھا

بہن ہلڈا نے وہ کر لیا جو اُنہوں نے سوچا ہوا تھا

اِنڈونیشیا میں ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جس کا نام سنگر بِزر ہے۔ وہاں ہماری تین بہنیں رہتی ہیں۔ لوگ اُنہیں بہت اچھی طرح جانتے ہیں کیونکہ وہ مُنادی کرتی ہیں اور بائبل کے پیغام کو سمجھنے میں لوگوں کی مدد کرتی ہیں۔ لیکن ایک دن وہ کچھ فرق قسم کا کام کر رہی تھیں۔‏

اِنڈونیشیا کے شمال کی طرف واقع جزیرہ سنگر بِزر

سب سے پہلے وہ سمندر میں جاتی تھیں اور بڑے پتھر اُٹھا کر ساحل تک لے کر آتی تھیں۔اِن میں سے کچھ پتھر ایک فٹ‌بال جتنے بڑے ہوتے تھے۔پھر یہ تینوں بہنیں لکڑی کے سٹول پر بیٹھ کر ہتھوڑے سے اِن کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرتی تھیں اور اِنہیں پلاسٹک کی بالٹیوں میں ڈال کر اپنے گھر لے جاتی تھیں۔ پھر وہ اِن پتھروں کو بڑے بڑے تھیلوں میں بھرتی تھیں تاکہ اِنہیں ٹرک پر لادا جا سکے اور اِنہیں سڑک بنانے کے لیے اِستعمال کِیا جا سکے۔‏

بہن ہلڈا ساحل پر پتھر جمع کر رہی ہیں۔‏

اِن میں سے ایک بہن کا نام ہلڈا تھا۔ وہ اِس کام میں باقی دونوں بہنوں سے زیادہ وقت لگا سکتی تھیں۔ وہ اِس کام سے جو پیسے کماتی تھیں، اُن سے وہ اپنے گھر والوں کی ضرورتیں پوری کرتی تھیں۔ لیکن اِس بار اُنہوں نے سوچا ہوا تھا کہ وہ کچھ پیسے جمع کر کے اِنہیں کسی اَور کام کے لیے اِستعمال کریں گی۔ بہن ہلڈا ایک ٹیبلٹ خریدنا چاہتی تھیں تاکہ وہ ‏”‏جے ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ اِستعمال کر سکیں۔ وہ جانتی تھیں کہ اِس ایپ میں ڈالی گئیں ویڈیوز اور دوسری چیزوں کی وجہ سے وہ اَور اچھی طرح مُنادی کر سکتی تھیں اور خود بھی بائبل کا اچھی طرح مطالعہ کر سکتی تھیں اور اِسے سمجھ سکتی تھیں۔‏

بہن ہلڈا ڈیڑھ مہینے تک ہر صبح دو گھنٹے کام کرتی تھیں اور اُنہوں نے اِتنے پتھر جمع کر لیے تھے کہ اِس سے ایک چھوٹا ٹرک بھر سکتا تھا۔ یہ کام کر کے بہن نے ٹیبلٹ خریدنے کے لیے کافی پیسے جمع کر لیے۔‏

بہن ہلڈا نے اپنا ٹیبلٹ پکڑا ہوا ہے۔‏

بہن ہلڈا نے کہا:‏ ”‏پتھر توڑنے کی وجہ سے مَیں بہت تھک جاتی تھی اور میرا جسم بہت درد کرتا تھا۔ لیکن جب مَیں نے مُنادی کرتے وقت اور عبادتوں میں اپنے ٹیبلٹ کو اِستعمال کِیا تو میری ساری تھکن دُور ہو گئی اور میرا سارا درد ختم ہو گیا۔“‏ بہن نے یہ بھی بتایا کہ جب کورونا کی وبا پھیلنا شروع ہوئی تو اِس ٹیبلٹ کی وجہ سے اُنہیں بہت فائدہ ہوا کیونکہ اُس وقت اِجلاس ویڈیو کال کے ذریعے ہو رہے تھے۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ بہن ہلڈا نے وہ کر لیا جو اُنہوں نے سوچا ہوا تھا۔‏