مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

قارئین کے سوال

قارئین کے سوال

کیا بنی‌اِسرائیل کے پاس ویرانے میں کھانے کے لیے من اور بٹیروں کے علاوہ بھی کچھ تھا؟‏

جب بنی‌اِسرائیل 40 سال تک ویرانے میں تھے تو وہ زیادہ‌تر من ہی کھاتے تھے۔ (‏خر 16:‏35‏)‏ دو موقعوں پر اُن کے کھانے کے لیے یہوواہ نے بٹیروں کا اِنتظام بھی کِیا۔ (‏خر 16:‏12، 13؛‏ گن 11:‏31‏)‏ لیکن ویرانے میں اُن کے پاس کھانے کے لیے اَور بھی کچھ چیزیں تھیں۔‏

مثال کے طور پر کچھ موقعوں پر یہوواہ اُنہیں ایسی ’‏چراگاہوں‘‏ تک لے گیا جہاں پینے کے لیے پانی اور کھانے کے لیے چیزیں تھیں۔ (‏گن 10:‏33‏)‏ اِن میں سے ایک جگہ ایلیم کا زرخیز علاقہ تھا ”‏جہاں پانی کے بارہ چشمے اور کھجور کے ستر درخت تھے۔“‏ (‏خر 15:‏27‏)‏ بائبل میں جن پودوں کا ذکر کِیا گیا ہے، اُن کے حوالے سے لکھی گئی ایک کتاب میں بتایا گیا ہے کہ کھجور کے درخت ”‏ویسے تو فرق فرق جگہوں پر اُگتے ہیں .‏ .‏ .‏ لیکن یہ ریگستانی علاقوں میں رہنے والے لاکھوں لوگوں کو کھانا، تیل اور سایہ دیتے ہیں۔“‏—‏کتاب ‏”‏پلانٹس آف دی بائبل۔“‏

شاید بنی‌اِسرائیل ایک اَور زرخیز علاقے میں بھی رُکے ہوں جسے آج فیران کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ وادئ‌فیران کا حصہ ہے۔ ایک کتاب میں اِس وادی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ وادی 130 کلومیٹر (‏81 میل)‏ لمبی اور کوہِ‌سینا کی سب سے خوب‌صورت اور چوڑی وادی ہے۔“‏ اِس کتاب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ”‏جس جگہ یہ وادی سمندر سے ملتی ہے، اگر ایک شخص اُس جگہ سے 45 کلومیٹر (‏28 میل)‏ کا سفر کرتا ہے تو وہ فیران کے زرخیز علاقے تک پہنچ سکتا ہے۔ فیران کا علاقہ 8.‏4 کلومیٹر (‏3 میل)‏ لمبا اور سطحِ‌سمندر سے 610 میٹر (‏2000 فٹ)‏ اُونچا ہے۔ یہ علاقہ اِتنا خوب‌صورت ہے کہ اِسے کوہِ‌سینا کا باغِ‌عدن کہا جاتا ہے۔ یہاں پُرانے زمانے سے ہی بہت سے لوگ آ کر بستے رہے ہیں کیونکہ یہاں کھجور کے ہزاروں درخت ہیں۔“‏—‏کتاب ‏”‏ڈسکورنگ دی ورلڈ آف دی بائبل۔“‏

فیران کے زرخیز علاقے میں کھجور کے درخت

جب بنی‌اِسرائیل مصر چھوڑ کر جا رہے تھے تو وہ اپنے ساتھ آٹا، آٹا گُوندھنے کے لیے برتن اور شاید کچھ دالیں وغیرہ اور تیل بھی لے کر گئے تھے۔ بے‌شک یہ چیزیں زیادہ عرصے تک نہیں چلی ہوں گی۔ وہاں سے نکلتے وقت لوگ اپنے ساتھ ”‏بھیڑبکریاں اور گائے بیل اور بہت چوپائے“‏ بھی لے کر گئے تھے۔ (‏خر 12:‏34-‏39‏)‏ لیکن ویرانے کے خراب موسم کی وجہ سے زیادہ‌تر جانور مر گئے ہوں گے۔ کچھ جانوروں کو لوگوں نے خوراک کے لیے اِستعمال کِیا ہوگا اور کچھ کی قربانی چڑھا دی ہوگی یہاں تک کہ جھوٹے دیوتاؤں کے لیے بھی۔‏ a (‏اعما 7:‏39-‏43‏)‏ مگر پھر بھی بنی‌اِسرائیل کے پاس کچھ جانور تھے۔ یہ ہمیں اُس بات سے پتہ چلتا ہے جو یہوواہ نے اُس وقت کہی تھی جب بنی‌اِسرائیل نے اُس کی نافرمانی کی تھی۔ یہوواہ نے کہا تھا:‏ ”‏تمہارے بچے 40 سال تک یہاں ریگستان میں گلّہ‌بان ہوں گے۔“‏ (‏گن 14:‏33‏، اُردو جیو ورشن‏)‏ اِس لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ بنی‌اِسرائیل کو اِن جانوروں سے دودھ ملتا ہوگا اور کبھی کبھار وہ اِن کا گوشت بھی کھاتے ہوں گے۔ لیکن ظاہری بات ہے کہ خوراک کا یہ ذریعہ 40 سال تک تقریباً 30 لاکھ لوگوں کا پیٹ بھرنے کے لیے کافی نہیں تھا۔‏ b

جانوروں کے لیے کھانا اور پانی کہاں سے آتا تھا؟‏ c اُس وقت ویرانے میں زیادہ بارش ہوتی تھی اور اِس وجہ سے وہاں پودے اور گھاس تھی۔ ہماری ایک کتاب میں بتایا گیا ہے کہ 3500 سال پہلے ”‏عرب میں آج کی نسبت زیادہ پانی تھا۔ ایسا اِس لیے کہا جا سکتا ہے کیونکہ وہاں ایسی بہت سی وادیاں ملی ہیں جو بہت گہری اور سُوکھی ہوئی ہیں۔ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ ایک زمانے میں وہاں اِتنا زیادہ پانی تھا کہ اِس وجہ سے پانی کے چشمے بن گئے تھے۔“‏ (‏کتاب ‏”‏اِنسائٹ آن دی سکرپچرز،“‏ جِلد 1)‏ لیکن پھر بھی یہ ویرانہ بہت ہی بنجر اور خوف‌ناک تھا۔ (‏اِست 8:‏14-‏16‏)‏ اگر یہوواہ معجزے کے ذریعے بنی‌اِسرائیل کو پانی نہ دیتا تو بے‌شک وہ اور اُن کے جانور مر جاتے۔—‏خر 15:‏22-‏25؛‏ 17:‏1-‏6؛‏ گن 20:‏2،‏ 11‏۔‏

موسیٰ نے بنی‌اِسرائیل سے کہا کہ یہوواہ نے اُنہیں من اِس لیے دیا ہے ”‏تاکہ[‏اُن]‏کو سکھائے کہ اِنسان صرف روٹی ہی سے جیتا نہیں رہتا بلکہ ہر بات سے جو[‏یہوواہ]‏کے مُنہ سے نکلتی ہے وہ جیتا رہتا ہے۔“‏—‏اِست 8:‏3‏۔‏

a بائبل میں دو ایسے موقعوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جب بنی‌اِسرائیل نے ویرانے میں یہوواہ کے لیے قربانیاں چڑھائیں۔ پہلا موقع وہ تھا جب یہوواہ نے ہارون اور اُن کے بیٹوں کو کاہن مقرر کِیا۔ اور دوسری بار ایسا عیدِفسح کے موقعے پر ہوا۔ دونوں ہی واقعات 1512 قبل‌ازمسیح میں ہوئے یعنی بنی‌اِسرائیل کے ملک مصر سے نکلنے کے ایک سال بعد۔—‏احبا 8:‏14–‏9:‏24؛‏ گن 9:‏1-‏5‏۔‏

b جب بنی‌اِسرائیل کو ویرانے میں 40 سال ہونے والے تھے تو اُنہوں نے دوسری قوموں سے جنگ جیتنے کے بعد اُن کے ہزاروں جانور لُوٹ لیے۔ (‏گن 31:‏32-‏34‏)‏ لیکن پھر بھی وہ اُس وقت تک من کھاتے رہے جب تک کہ وہ اُس ملک میں نہیں چلے گئے جسے دینے کا یہوواہ نے اُن سے وعدہ کِیا تھا۔—‏یشو 5:‏10-‏12‏۔‏

c یہ کہا جا سکتا ہے کہ جانوروں نے من نہیں کھایا کیونکہ یہوواہ نے بنی‌اِسرائیل سے کہا تھا کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق ہی من لیں اور اُس وقت اُس نے جانوروں کا ذکر نہیں کِیا تھا۔—‏خر 16:‏15، 16‏۔‏