1-‏کُرنتھیوں 5‏:1‏-‏13

  • حرام‌کاری کا واقعہ (‏1-‏5‏)‏

  • تھوڑا سا خمیر سارے آٹے کو خمیر کرتا ہے (‏6-‏8‏)‏

  • ‏”‏بُرے شخص کو اپنے بیچ سے دُور کرو“‏ (‏9-‏13‏)‏

5  مَیں نے سنا ہے کہ آپ میں ایک آدمی ہے جو اپنے باپ کی بیوی کے ساتھ حرام‌کاری*‏ کرتا ہے۔ اِس طرح کی حرام‌کاری*‏ تو غیرایمان والے بھی نہیں کرتے۔ 2  اور آپ نے کیا کِیا؟ اِس کی بجائے کہ آپ کو افسوس ہوتا اور آپ اُس آدمی کو کلیسیا*‏ سے خارج کرتے، آپ نے فخر کِیا۔ 3  مَیں جسمانی لحاظ سے آپ کے پاس نہیں ہوں لیکن دل*‏ میں ضرور آپ کے پاس ہوں اور اُس آدمی کو قصوروار ٹھہرا چُکا ہوں جیسے مَیں اُس وقت کرتا جب مَیں آپ کے پاس ہوتا۔ 4  لہٰذا جب آپ ہمارے مالک یسوع کے نام سے جمع ہوں گے تو یہ جان کر کہ مَیں دل*‏ میں آپ کے ساتھ ہوں اور مالک یسوع کی طاقت بھی آپ کے ساتھ ہے، 5  اِس آدمی کو شیطان کے حوالے کر دیں تاکہ اِس کا بُرا اثر ختم ہو جائے اور کلیسیا کی روح ہمارے مالک کے دن کے دوران محفوظ رہے۔‏ 6  آپ جس بات پر فخر کر رہے ہیں، وہ اچھی نہیں۔ کیا آپ کو پتہ نہیں کہ تھوڑا سا خمیر پورے آٹے کو خمیر کر دیتا ہے؟ 7  لہٰذا اُس پُرانے آٹے کو دُور کر دیں جو خمیر ہو گیا ہے تاکہ آپ نیا آٹا بن سکیں اور خمیر سے بالکل پاک ہوں جیسے آپ ہیں بھی۔ مسیح جو عیدِفسح کا میمنا*‏ ہے، قربان ہو گیا ہے۔ 8  اِس لیے آئیں، ہم عید کو پُرانے خمیرے آٹے یا بُرائی اور بدی کے خمیر کے ساتھ نہ منائیں بلکہ خلوص اور سچائی کی بے‌خمیری روٹیوں کے ساتھ منائیں۔‏ 9  مَیں نے اپنے خط میں آپ کو لکھا تھا کہ حرام‌کاروں*‏ کے ساتھ اُٹھنا بیٹھنا چھوڑ دیں۔ 10  میرا مطلب یہ نہیں تھا کہ اِس دُنیا کے حرام‌کاروں*‏ یا لالچیوں یا لُٹیروں یا بُت‌پرستوں کے ساتھ اُٹھنا بیٹھنا بالکل ہی چھوڑ دیں ورنہ تو آپ کو دُنیا کے ساتھ تمام تعلقات توڑنے پڑتے۔ 11  لیکن اب مَیں آپ سے کہہ رہا ہوں کہ اگر ایک بھائی حرام‌کار*‏ یا لالچی یا بُت‌پرست یا شرابی یا لُٹیرا ہے یا دوسروں کو ذلیل کرتا*‏ ہے تو اُس کے ساتھ اُٹھنا بیٹھنا بالکل چھوڑ دیں اور اُس کے ساتھ کھانا تک نہ کھائیں۔ 12  بھلا مجھے دُنیا کے لوگوں کی عدالت کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ مگر آپ کو اُن کی عدالت کرنی چاہیے جو کلیسیا کے رُکن ہیں 13  جبکہ خدا دُنیا کے لوگوں کی عدالت کرتا ہے۔ جیسے لکھا ہے کہ ”‏بُرے شخص کو اپنے بیچ سے دُور کرو۔“‏

فٹ‌ نوٹس

یونانی لفظ:‏ ”‏پورنیا۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یونانی لفظ:‏ ”‏پورنیا۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏جماعت“‏
یونانی میں:‏ ”‏روح“‏
یونانی میں:‏ ”‏روح“‏
یا ”‏برّہ“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏حرام‌کاری“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏حرام‌کاری“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏حرام‌کاری“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏گالیاں دیتا“‏