متی 4‏:1‏-‏25

  • اِبلیس، یسوع کو ورغلانے کی کوشش کرتا ہے (‏1-‏11‏)‏

  • یسوع، گلیل میں مُنادی کرنے لگتے ہیں (‏12-‏17‏)‏

  • پہلے شاگردوں کا اِنتخاب (‏18-‏22‏)‏

  • یسوع تعلیم اور شفا دیتے ہیں (‏23-‏25‏)‏

4  پھر پاک روح، یسوع کو ویرانے میں لے گئی اور اِبلیس نے اُنہیں ورغلانے کی کوشش کی۔ 2  یسوع نے 40 (‏چالیس)‏ دن اور 40 رات کا روزہ رکھا اور اِس کے بعد اُنہیں بھوک لگی۔ 3  تب اِبلیس اُن کے پاس آیا اور کہنے لگا:‏ ”‏اگر تُم خدا کے بیٹے ہو تو اِن پتھروں سے کہو کہ روٹیاں بن جائیں۔“‏ 4  یسوع نے جواب دیا:‏ ”‏پاک صحیفوں میں لکھا ہے کہ ”‏اِنسان کو صرف روٹی پر نہیں جینا چاہیے بلکہ ہر اُس بات پر جو یہوواہ*‏ کے مُنہ سے نکلتی ہے۔“‏ “‏ 5  اِس کے بعد اِبلیس اُنہیں مُقدس شہر*‏ میں لے گیا اور اُنہیں ہیکل*‏ کی چھت*‏ پر کھڑا کر کے 6  کہنے لگا:‏ ”‏اگر تُم خدا کے بیٹے ہو تو یہاں سے چھلانگ لگاؤ کیونکہ صحیفوں میں لکھا ہے کہ ”‏وہ اپنے فرشتوں کو حکم دے گا اور وہ تمہیں ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے تاکہ تمہارے پاؤں کو پتھر سے ٹھوکر نہ لگے۔“‏ “‏ 7  یسوع نے اُس سے کہا:‏ ”‏یہ بھی لکھا ہے کہ ”‏تُم یہوواہ*‏ اپنے خدا کا اِمتحان نہ لو۔“‏ “‏ 8  پھر اِبلیس اُن کو ایک بہت ہی اُونچے پہاڑ پر لے گیا اور اُنہیں دُنیا کی تمام بادشاہتیں اور اُن کی شان دِکھائی 9  اور اُن سے کہا:‏ ”‏اگر تُم گھٹنے ٹیک کر ایک بار مجھے سجدہ کرو گے تو مَیں یہ سب کچھ تمہیں دے دوں گا۔“‏ 10  اِس پر یسوع نے کہا:‏ ”‏چلے جاؤ، شیطان!‏ کیونکہ پاک صحیفوں میں لکھا ہے کہ ”‏صرف یہوواہ*‏ اپنے خدا کی پرستش کرو اور صرف اُسی کی عبادت کرو۔“‏ “‏ 11  تب اِبلیس وہاں سے چلا گیا اور دیکھو!‏ فرشتے آ کر یسوع کی خدمت کرنے لگے۔‏ 12  جب یسوع نے سنا کہ یوحنا کو گِرفتار کر لیا گیا ہے تو وہ گلیل گئے۔ 13  اُنہوں نے ناصرت کو چھوڑ دیا اور کفرنحوم میں رہنے لگے جو زبولون اور نفتالی کے علاقے میں جھیل کے کنارے ہے 14  تاکہ وہ بات پوری ہو جو یسعیاہ نبی نے کہی تھی کہ 15  ‏”‏اَے غیریہودیوں کے گلیل!‏ اَے زبولون کے علاقے اور نفتالی کے علاقے!‏ تُو جو سمندر کی طرف جانے والے راستے اور دریائے‌اُردن کے اُس پار ہے!‏ 16  جو لوگ اندھیرے میں بیٹھے تھے، اُنہوں نے بڑی روشنی دیکھی اور جو لوگ ایسے علاقے میں بیٹھے تھے جہاں موت کا سایہ تھا، اُن پر روشنی چمکنے لگی۔“‏ 17  اُس وقت سے یسوع یہ مُنادی کرنے لگے:‏ ”‏توبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہت نزدیک ہے۔“‏ 18  جب یسوع گلیل کی جھیل کے کنارے چل رہے تھے تو اُنہوں نے دو بھائیوں کو دیکھا۔ ایک کا نام شمعون تھا جو پطرس بھی کہلاتے ہیں اور دوسرے کا نام اندریاس تھا۔ وہ دونوں جھیل میں جال ڈال رہے تھے کیونکہ وہ مچھیرے تھے۔ 19  یسوع نے اُن سے کہا:‏ ”‏میری پیروی کریں۔ مَیں آپ کو ایک اَور طرح کا مچھیرا بناؤں گا۔ آپ مچھلیوں کی بجائے اِنسانوں کو جمع کریں گے۔“‏ 20  وہ فوراً اپنے جال چھوڑ کر اُن کے پیچھے چل پڑے۔ 21  آگے جا کر یسوع نے دو اَور بھائیوں کو دیکھا جو زبدی کے بیٹے تھے۔ ایک کا نام یعقوب تھا اور دوسرے کا نام یوحنا۔ وہ دونوں اپنے باپ کے ساتھ کشتی میں بیٹھے تھے اور جالوں کی مرمت کر رہے تھے۔ جب یسوع نے اُن دونوں کو بلا‌یا 22  تو وہ فوراً کشتی اور اپنے باپ کو چھوڑ کر اُن کے پیچھے چل پڑے۔‏ 23  پھر یسوع نے گلیل کے سارے علاقے کا دورہ کِیا اور عبادت‌گاہوں میں تعلیم دی، بادشاہت کی خوش‌خبری کی مُنادی کی اور طرح طرح کی بیماریوں کو ٹھیک کِیا۔ 24  اُن کے بارے میں خبر سُوریہ کے کونے کونے میں پھیل گئی اور لوگ ایسے لوگوں کو اُن کے پاس لانے لگے جو طرح طرح کی بیماریوں اور تکلیفوں میں مبتلا تھے، جو بُرے فرشتوں کے قبضے میں تھے اور جو مرگی اور فالج کے مریض تھے۔ اور یسوع نے اُن سب کو ٹھیک کر دیا۔ 25  اِس کے نتیجے میں گلیل، دِکاپُلِس،‏*‏ یروشلیم، یہودیہ اور دریائے‌اُردن کے اُس پار سے بہت سے لوگ اُن کے پاس آنے لگے۔‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یعنی یروشلیم
یعنی خدا کا گھر
یا ”‏فصیل؛ سب سے اُونچی چھت“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏دس شہروں کے علاقے“‏