اِفِیسوں 1‏:1‏-‏23

  • سلام دُعا (‏1، 2‏)‏

  • روحانی برکتیں (‏3-‏7‏)‏

  • سب چیزیں مسیح کے تحت جمع کی جائیں گی (‏8-‏14‏)‏

    • سب چیزیں جمع کرنے کا اِنتظام (‏10‏)‏

    • پاک روح وراثت کی ضمانت ہے (‏13، 14‏)‏

  • پولُس اِفسیوں کے ایمان کے لیے خدا کا شکر کرتے ہیں (‏15-‏23‏)‏

1  پولُس کی طرف سے جو خدا کی مرضی سے مسیح یسوع کا رسول ہے، اُن ثابت‌قدم مُقدسوں کے نام جو اِفسس میں ہیں اور مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں:‏ 2  ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔‏ 3  ہمارے مالک یسوع مسیح کے خدا اور باپ کی بڑائی ہو جس نے ہمیں آسمان پر ہر روحانی برکت سے نوازا کیونکہ ہم مسیح کے ساتھ متحد ہیں۔ 4  اِس سے پہلے کہ دُنیا کی بنیاد ڈالی گئی، اُس نے ہمیں مسیح کے ساتھ متحد ہونے کے لیے چُنا تاکہ ہم اُس کے حضور پاک اور بے‌داغ ہوں اور محبت ظاہر کریں۔ 5  اُس نے اپنی خواہش اور مرضی کے مطابق پہلے سے طے کِیا کہ وہ یسوع مسیح کے ذریعے ہمیں گود لے گا* 6  تاکہ اُس کی شان‌دار رحمت کی بڑائی ہو جو اُس نے اپنے پیارے بیٹے کے ذریعے ہم پر نچھاور کی۔ 7  اور اُس نے اپنے بیٹے کے ذریعے فدیہ دے کر ہمیں رِہائی دِلائی۔ ہاں، اُس کے بیٹے کے خون سے ہمارے گُناہ معاف ہو گئے۔ واقعی خدا کی رحمت بڑی عظیم ہے!‏ 8  اُس نے ہمیں کثرت سے یہ عظیم رحمت عطا کی، دانش‌مندی اور سمجھ دی 9  اور اپنی مرضی کے مُقدس راز کے بارے میں بھی بتایا۔ اُس نے اپنی مرضی کے عین مطابق طے کِیا تھا کہ 10  جب مقررہ وقت پورا ہو جائے گا تو وہ سب چیزوں کو یعنی آسمان اور زمین کی چیزوں کو مسیح کے تحت جمع کرنے کا اِنتظام کرے گا۔ ہاں، اُس مسیح کے تحت 11  جس کے ساتھ ہم متحد ہیں اور وارث بنائے گئے ہیں۔ ہمیں اُس خدا کی مرضی کے مطابق پہلے سے مقرر کِیا گیا ہے جو سب کام اپنی خواہش کے مطابق انجام دیتا ہے 12  تاکہ ہمارے ذریعے جو مسیح پر سب سے پہلے ایمان لائے، خدا کی بڑائی اور تعظیم ہو۔ 13  لیکن آپ بھی اُس وقت مسیح پر ایمان لے آئے جب آپ نے سچائی کا کلام سنا یعنی اپنی نجات کے بارے میں خوش‌خبری سنی۔ اور جب آپ ایمان لائے تو مسیح کے ذریعے آپ پر اُس پاک روح کے ساتھ مُہر لگائی گئی جس کا وعدہ کِیا گیا تھا 14  اور جو اِس بات کی ضمانت*‏ ہے کہ ہمیں وراثت ملے گی۔ ہم پر مُہر اِس لیے لگائی گئی تاکہ خدا کی ملکیت کو فدیے کے ذریعے رِہائی دِلائی جائے اور خدا کی بڑائی ہو۔‏ 15  اِس لیے جب سے مَیں نے سنا ہے کہ آپ ہمارے مالک یسوع پر کتنا ایمان رکھتے ہیں اور سب مُقدسوں کے لیے کتنی محبت ظاہر کرتے ہیں 16  تب سے مَیں آپ کے لیے خدا کا شکر ادا کرتا رہتا ہوں۔ مَیں ہمیشہ اپنی دُعاؤں میں آپ کا ذکر کرتا ہوں 17  اور یہ مانگتا ہوں کہ مالک یسوع مسیح کا خدا اور ہمارا عظیم باپ آپ کو روح عطا کرے تاکہ آپ دانش‌مند بنیں اور اُس صحیح علم کو سمجھیں جو وہ اپنے بارے میں ظاہر کرتا ہے۔ 18  اُس نے آپ کے دل کی آنکھوں کو روشن کِیا تاکہ آپ جان جائیں کہ اُس نے آپ کو کس اُمید کے لیے بلا‌یا ہے، وہ مُقدسوں کو کتنی قیمتی وراثت عطا کرے گا 19  اور اُس کی وہ طاقت کس قدر عظیم ہے جو اُس نے ہمارے لیے ظاہر کی، ہاں، ہمارے لیے جو ایمان لائے ہیں۔ اُس کی طاقت کی عظمت اُس وقت ظاہر ہوئی 20  جب اُس نے مسیح کو مُردوں میں سے زندہ کِیا اور آسمان پر اپنی دائیں طرف بٹھایا۔ 21  ہاں، اُس نے اُسے نہ صرف اِس زمانے کی بلکہ آنے والے زمانے کی ہر حکومت، اِختیار، طاقت، عہدے اور نام سے زیادہ بلند کِیا۔ 22  اُس نے ساری چیزیں بھی اُس کے پاؤں تلے کر دیں اور اُس کو اُن سب چیزوں کا سربراہ بنایا جن کا تعلق کلیسیا*‏ سے ہے۔ 23  اور یہ کلیسیا مسیح کا جسم ہے اور اُس سے معمور ہے۔ وہی سب چیزوں کو مکمل طور پر پورا کرتا ہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏بیٹا بنائے گا“‏
یا ”‏بیعانہ؛ پیشگی رقم“‏
یا ”‏جماعت“‏