مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ملیریا—‏کیا بچاؤ ممکن ہے؟‏

ملیریا—‏کیا بچاؤ ممکن ہے؟‏

عالمی اِدارۂصحت کے مطابق 2013ء میں 19 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ملیریا ہوا اور اِن میں سے تقریباً 5 لاکھ 84 ہزار لوگ ہلاک ہو گئے۔‏ ہلاک ہونے والوں میں سے 80 فیصد 5 سال سے کم عمر بچے تھے۔‏ دُنیا بھر میں تقریباً 100 ملکوں میں 3 ارب 20 کروڑ لوگ ملیریا میں مبتلا ہونے کے خطرے میں ہیں۔‏

1 ملیریا کیا ہے؟‏

ملیریا طفیلی جراثیم کی وجہ سے ہوتا ہے جو کسی جان‌دار کے جسم میں داخل ہو کر وہاں بسیرا کر لیتے ہیں۔‏ ملیریا کی کچھ علامات یہ ہیں:‏ بخار،‏ کپکپی،‏ بار بار پسینہ آنا،‏ سردرد،‏ جسم‌درد،‏ متلی اور اُلٹیاں۔‏ کبھی کبھار یہ علامتیں 48 سے 72 گھنٹے کے بعد دوبارہ ظاہر ہوتی ہیں اور ایسا بار بار ہوتا ہے۔‏ لیکن اِس کا اِنحصار اِس بات پر ہے کہ مریض کو ملیریا کس طرح کے جراثیم سے ہوا ہے اور وہ کتنے عرصے سے اِس مرض میں مبتلا ہے۔‏

2 ملیریا کیسے ہوتا ہے؟‏

  1. ملیریا کے جراثیم ایک خاص قسم کی مادہ مچھر کے کاٹنے سے خون میں داخل ہوتے ہیں۔‏

  2. جراثیم خون کے ذریعے جگر کے خلیوں میں داخل ہو جاتے ہیں جہاں اِن کی تعداد بڑھتی ہے۔‏

  3. جب جگر کے خلیے پھٹتے ہیں تو ملیریا کے جراثیم خون کے سُرخ خلیوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔‏ یہاں اِن کی تعداد بڑھتی جاتی ہے۔‏

  4. جب خون کے سُرخ خلیے پھٹتے ہیں تو ملیریا کے جراثیم دوسرے سُرخ خلیوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔‏

  5. یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔‏ عموماً جب بھی خون کے سُرخ خلیے پھٹتے ہیں،‏ ملیریا کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔‏

3 آپ ملیریا سے کیسے بچ سکتے ہیں؟‏

اگر آپ ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں ملیریا عام ہے تو یہ کریں:‏

  • مچھردانی اِستعمال کریں۔‏ دھیان رکھیں کہ .‏ .‏ .‏

    • مچھردانی پر مچھرمار دوا لگی ہو۔‏

    • مچھردانی پھٹی اور سوراخ‌دار نہ ہو۔‏

    • مچھردانی کے سرے پوری طرح سے بستر یا گدے کے نیچے گھسے ہوں۔‏

  • اپنے گھر میں مچھرمار دوائی کا اسپرے کریں۔‏

  • ہو سکے تو دروازوں اور کھڑکیوں پر جالی لگائیں۔‏ اےسی یا پنکھے اِستعمال کریں تاکہ مچھر بھاگ جائیں۔‏

  • ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں جو پورے جسم کو ڈھانپے ہوں۔‏

  • ایسی جگہوں پر نہ جائیں جہاں جھاڑیاں اور کھڑا پانی ہو کیونکہ وہاں مچھر منڈلاتے اور انڈے دیتے ہیں۔‏

  • ملیریا ہونے کی صورت میں جلدازجلد اپنا علاج کروائیں۔‏

اگر آپ ایک ایسے ملک میں جانے والے ہیں جہاں ملیریا عام ہے تو یہ کریں:‏

  • یہ دیکھیں کہ اُس ملک میں ملیریا کے کون سے جراثیم پائے جاتے ہیں کیونکہ ملیریا کی دوائی اِس کے مطابق لینی پڑتی ہے۔‏ اپنے ڈاکٹر سے بھی مشورہ لیں کہ آپ کے لیے ملیریا کی کون سی دوائی ٹھیک رہے گی۔‏

  • اُس ملک میں رہتے وقت اِس مضمون میں دی گئی ہدایتوں پر عمل کریں۔‏

  • ملیریا ہونے کی صورت میں جلدازجلد اپنا علاج کروائیں۔‏ یاد رکھیں کہ ملیریا کی علامات مچھر کے کاٹنے کے ایک سے چار ہفتے بعد تک ظاہر ہو سکتی ہیں۔‏